ایم کیو ایم پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی کا شدید گرمی میں طویل دورانیے پر محیط بجلی کی لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار

گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت کے ساتھ حسبِ روایت کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر شہریوں کی اذیت میں مزید اضافہ کردیا، جھوٹے دعوئوں کے برعکس کے الیکٹرک کی کارکردگی کسی بھی مہذب اور عروس البلاد شہر کے موافق نہیں، ایم کیو ایم اراکین سندھ اسمبلی

ہفتہ 31 مئی 2025 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے شدید گرمی میں طویل دورانیے پر محیط بجلی کی لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد سے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں کہا ہے کہ گرم موسم اور ہیٹ ویو کی شدت کے ساتھ عوام کو دی جانے والی سہولت کو مزید بہتر بنانے کے بجائے حسبِ روایت کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر شہریوں کی اذیت میں مزید اضافہ کردیا ہے، کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، محمود آباد برنس روڈ، گارڈن، ناظم آباد اورنگی ٹان، بلدیہ ٹان، نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی، اولڈ سٹی ایریا غرض پورا شہر کے الیکٹرک انتظامیہ کی بے حسی کا شکار ہے، بوڑھے بچے اور مریض اس ستم ظریفی پر بلبلا اٹھے ہیں کراچی سراپا احتجاج ہے مگر کے الیکٹرک اور حزبِ اقتدار کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی، ایم کیو ایم اراکین صوبائی اسمبلی نے کہا کہ مسلسل یقین دہانیوں اور جھوٹے دعوں کے برعکس کے الیکٹرک کی کارکردگی کسی بھی مہذب اور عروس البلاد شہر کے موافق نہیں، پورے ملک کو پالنے والا شہر اپنے بنیادی حقوق کے لئے دہائیاں دے رہا ہے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم متنبہ کرتی ہے کہ حکمرانوں کی کراچی سے بے اعتنائی کسی بڑے نقصان اور عوامی ردعمل کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔