Live Updates

فیلڈ مارشل کا دوٹوک بیان ،کشمیریوں کے دلوں کو نئی امید مل گئی،سمعیہ ساجد

پاکستان کا غیر متزلزل موقف کشمیری عوام کے لیے حوصلے، اعتماد اور ولولے کا باعث بن گیا،چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، اور بھارت کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کریں گے، مرکزی چیئرپرسن ایم ۔سی خواتین ونگ

اتوار 1 جون 2025 13:05

�ظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء) فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ تاریخی اور جرات مندانہ بیان نے پوری کشمیری قوم کو ایک نئی امید، ایک نیا حوصلہ اور ایک نیا پیغام دیا ہے کہ پاکستان کبھی کشمیر کو فراموش نہیں کرے گا۔ ان کا یہ کہنا کہ‘‘کشمیر کا کوئی سودا ممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، اور بھارت کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کریں گے نہ صرف اصولی موقف ہے بلکہ یہ بیان کشمیری عوام کے دلوں میں نئی روشنی کی کرن کی مانند ہے، جو بھارت کے ظلم و ستم کے اندھیروں میں ایک امید کا چراغ روشن کرتا ہے۔

کشمیر ویمن الرٹ فورم کی چیئرپرسن ، مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن سمعیہ ساجد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ بیان نہ صرف ایک عسکری کمانڈر کا عزم ہے بلکہ یہ 25 کروڑ پاکستانیوں کے دل کی آواز ہے، جو کشمیریوں کے دکھ، درد، قربانیوں اور جدوجہد کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا موقف صرف چند الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ یہ ایک مکمل قومی بیانیہ، آئینی موقف اور اخلاقی اصولوں پر مبنی تاریخی عہد ہے جو پاکستان کی ریاست، اداروں، عوام اور افواج کے اجتماعی ضمیر کی عکاسی کرتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، یہ صرف قائداعظم کا جملہ نہیں بلکہ آج بھی ہر پاکستانی کے سینے میں دھڑکنے والی حقیقت ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا موقف دشمن کے لیے واضح پیغام ہے کہ بھارت کی جارحیت، ظلم، فریب اور اجارہ داری کو پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ موقف صرف کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت نہیں بلکہ پاکستانی سرزمین کے پانیوں، وسائل اور قومی غیرت کے دفاع کا بھی اعلان ہے۔

پاکستان کا موقف واضح، غیر مبہم اور تاریخی اعتبار سے ناقابل تردید ہے۔سمعیہ ساجد نے یاد دلایا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کی، دفعہ 370 کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کے تشخص، شناخت اور حق خودارادیت پر حملہ کیا، مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا، ہزاروں نوجوانوں کو شہید کیا، خواتین کی عصمت دری کی، بزرگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بچوں پر پیلٹ گن کے حملے کیے۔

ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنے موقف پر ثابت قدم ہیں اور پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا موقف ان شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین اور کشمیریوں کے جذبے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ جب ایک فیلڈ مارشل اپنی عسکری بصیرت کے ساتھ یہ اعلان کرتا ہے کہ‘‘پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے’’تو اس کا مطلب صرف ایک جغرافیائی دفاع نہیں بلکہ پاکستان کے وجود، سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کا اعلان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے پانیوں پر قبضے کی کوشش کر رہا ہے، اور کئی بار ایسے ڈیم بنا چکا ہے جو پاکستان کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ بھارت کی یہ آبی دہشتگردی کسی طور قابل قبول نہیں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دو ٹوک پیغام اس امر کی وضاحت کرتا ہے کہ پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے اس بیان کو سنجیدگی سے لیں کیونکہ یہ اُس قوم کا پیغام ہے جو امن چاہتی ہے مگر عزت کے ساتھ۔

پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بنیاد بنایا، لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی، فریب اور توسیع پسندی کی پالیسی نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا بیان وقت کی ضرورت، قومی امنگوں کی ترجمانی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا واضح اشارہ ہے۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ یہ بیان کشمیری ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بیٹوں کے لیے وہ نوید ہے جس کا انتظار نسلوں سے کیا جا رہا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی آنکھوں کے سامنے بھارتی درندوں کو خون کی ندیاں بہاتے دیکھا ہے۔ ہم نے اپنی عصمتیں گنوائیں، ہم نے اپنے معصوم بچوں کو شہید ہوتے دیکھا، مگر ہم نے ہار نہیں مانی۔ آج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بیان ہمیں یقین دلاتا ہے کہ ہم تنہا نہیں، ہماری پشت پر پاکستان کی 25 کروڑ عوام اور ایک مضبوط فوج کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ پوری پاکستانی قوم اس قومی موقف کو مزید تقویت دے، سیاست سے بالاتر ہو کر کشمیر کو اپنی شہ رگ مانے اور یک زبان ہو کر دشمن کو بتا دے کہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ سمعیہ ساجد نے کہا کہ دنیا کو بتانا ہو گا کہ کشمیر صرف ایک جغرافیائی مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت، حریت، انصاف اور حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف کشمیریوں کی نسل در نسل جدوجہد کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا، عالمی پلیٹ فارمز، یونیورسٹیوں، تھنک ٹینکس، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کو اس پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانا ہوگا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا موقف کشمیریوں کی آواز ہے، یہ پاکستان کی پالیسی کا مستقل حصہ ہے اور اس میں کوئی ابہام نہیں۔سمعیہ ساجد نے عالمی ضمیر سے سوال کیا کہ ایک طرف بھارت کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہا جاتا ہے، اور دوسری طرف وہ لاکھوں کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلتا ہے۔

یہ دہرا معیار کیوں اقوام متحدہ خاموش کیوں عالمی عدالت انصاف نے بھارتی مظالم پر کب آنکھیں کھولنی ہیں وہ دن کب آئے گا جب کشمیری خواتین کے آنسوؤں کی قدر کی جائے گی جب شہید بچوں کی لاشیں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑیں گی انہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کا موقف عالمی برادری کے لیے بھی ایک الارم ہے کہ اگر بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا، اگر پانیوں پر سازشیں جاری رہیں، اگر کشمیریوں کو مزید دیوار سے لگایا گیا، تو پھر پاکستان کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

سمعیہ ساجد نے کہا کہ پاکستان کی افواج صرف سرحدوں کی محافظ نہیں بلکہ یہ نظریے، غیرت، خودداری اور شہداء کے وارث ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا موقفپاکستان کی تاریخ کا وہ سنگ میل ہے جسے نسلیں یاد رکھیں گی۔ انہوں نے اس بیان کو قومی سلامتی کے بیانیے کا تسلسل قرار دیا۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا، جب سری نگر میں پاکستان کا پرچم لہرائے گا، جب شہداء کا لہو رنگ لائے گا، اور جب بھارت کو اپنے ظلم و جبر کا حساب دینا پڑے گا۔

کشمیری عوام کا یقین غیرمتزلزل ہے، اور جب عسکری قیادت ایسی عزم و بصیرت سے بات کرے تو پوری قوم کا حوصلہ بڑھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیری عوام، خاص طور پر خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی قربانیوں کو پاکستان کبھی رائیگاں نہیں جانے دے گا-
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات