شفا انٹرنیشنل ہسپتال کا پاکستان آرمی کے تعاون سےجہلم ویلی آزادکشمیرمیں دو روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد

اتوار 1 جون 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) شفا انٹرنیشنل ہسپتال نے پاکستان آرمی اور آزاد کشمیر کے محکمہ صحت کے اشتراک سے ضلع جہلم ویلی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال ہٹیاں بالا میں دو روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں مختلف شعبہ جات کے ماہرین پر مشتمل ایک طبی ٹیم نے حصہ لیا،ٹیم نے 1800 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا اور تمام مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں جن میں امراض قلب، پھیپھڑوں کے امراض، جنرل سرجری، ڈینٹسٹری، امراض نسواں، اطفال اور ایمرجنسی میڈیسن بھی شامل تھیں۔

اس اقدام کا مقصد وادی کے دور دراز اور محروم علاقوں میں مقیم عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا تھا، جہاں ماہر ڈاکٹروں تک رسائی انتہائی مشکل ہے۔خواتین، بچے اور بزرگ افراد خصوصاً اس فلاحی کاوش سے بہت متاثر ہوئے اور اپنے گھروں کے قریب ماہر معالجین سے علاج کی سہولت ملنے پر دلی مسرت اور شکریہ کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

شفا انٹرنیشنل ہسپتال نہ صرف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے بلکہ آزمائش کی اس گھڑی میں آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دیرینہ روایت پر قائم ہے،ہسپتال کی یہ کاوش شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ذیشان بن اشتیا ق کے وژن کی عکاس ہے، جو چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر خواجہ جنید مصطفیٰ کی ہدایت پر انجام دی گئی۔

اس مہم کی قیادت ڈاکٹر عبدالسلام خان کنسلٹنٹ ایمرجنسی میڈیسن نے کی۔