Live Updates

پی پی 52 سمبڑیال ضمنی الیکشن‘ حنا ارشد وڑائچ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

بھنگڑے، آتش بازی، پی ٹی آئی امیدوار نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا

پیر 2 جون 2025 14:08

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء) حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی الیکشن 2025 میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے میدان مار لیا، ریٹرننگ افسر نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کی امیدوارحنا ارشد وڑائچ نے 78 ہزار 702 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط گھمن 39 ہزار 18 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے 6 ہزار 832 ووٹ حاصل کر سکے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار محمد شفاقت نے 4 ہزار 851 ووٹ حاصل کئے۔واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔لیگی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے اپنی جیت کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے مرحوم والد کے نام کر دیا، جیت پر حنا ارشد وڑائچ کے گھر پر جشن کا سماں رہا، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور آتش بازی کی۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے امیدوار نے پی پی 52 ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات