Live Updates

معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ، ان کی خدمت درحقیقت انسانیت کی خدمت ہے، شیخ آفتاب احمد

پیر 2 جون 2025 18:58

معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ، ان کی خدمت درحقیقت انسانیت کی ..
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) رکن قومی اسمبلی و ممبر سپریم جوڈیشل کمیشن شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی خدمت درحقیقت انسانیت کی خدمت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارضلع کونسل ہال اٹک میں خصوصی افراد کو ویل چیئرز کی فراہمی کی ایک پروقار تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ ہولڈرملک حمید اکبر خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید،ضلعی نائب صدرپاکستان مسلم لیگ نواز میر نوید اختر، پاکستان مسلم لیگ نواز کی خاتون رہنما خالدہ رعنا،سابق صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کے نمائندے ملک انصار،ڈپٹی ڈائریکٹرسماجی بہبود عارف محمودصدیقی اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اگر کسی قیادت نے خالصتاً عوامی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہے تو وہ صرف اور صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے، قائد میاں محمد نواز شریف، ملک کی ترقی، خودمختاری اور عوامی فلاح کے روشن مینار ہیں۔ نواز شریف نے ہمیشہ ملک کو جدید انفراسٹرکچر، مضبوط معیشت اور عالمی وقار کی طرف گامزن کرنے کا عزم کیا۔

موٹروے منصوبے، ایٹمی دھماکے، بجلی کی قلت کا خاتمہ اور جدید اسپتالوں و تعلیمی اداروں کا قیام ان کی بصیرت افروز قیادت کے عملی مظاہر ہیں۔شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف انتظامی صلاحیت، عملی جدوجہد اور دن رات کی محنت کی علامت ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں اپنے ہر دور حکومت میں عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل، اور غریب طبقے کے لیے ریلیف پروگرامز کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔

شہباز شریف کا جذبہ خدمت ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے قلیل عرصے میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف اپنے والد اور چچا کی میراث کو آگے بڑھا رہی ہیں بلکہ ایک جدید، خوشحال اور فلاحی پنجاب کی بنیاد بھی رکھ رہی ہیں۔ خواتین کی خودمختاری، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، تعلیم و صحت کی بہتری کے لیے ان کی پالیسیاں قابلِ تقلید ہیں۔

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ’ہم نے نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو دفاعی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بنایا، اب انہی کی رہنمائی میں وطن عزیز کو معاشی طاقت بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ تقریب میں معذور افراد کو ویل چیئرز فراہم کی گئیں اور شرکاء نے اس انسان دوست اقدام کو بے حد سراہا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت صرف دعوے نہیں کرتی بلکہ عملی خدمت کی مثالیں قائم کرتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ عوام کا اعتماد ہمیشہ ہمارے ساتھ رہا ہے۔تقریب سے پاکستان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ ہولڈر ملک حمید اکبر، اے ڈی سی جی اٹک انیل سعیداور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔\378
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات