Live Updates

بلاول بھٹو زرداری کا دورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،عامر عبدالغفار لون

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی سطح پر پاکستان کو ہندوستان پر سبقت حاصل ہوئی ،وزیر ماحولیات

منگل 3 جون 2025 14:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد کو دورہ امریکہ ودیگر ممالک روانگی کا خیر مقدم کیا ہے۔اپنے خصوصی بیان میں عامر عبدالغفار لون نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ایک بڑے سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں وہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے پہلگام،سکھوں، پاکستان کے مختلف شہروں میں کی جانے والی دہشتگردی کو عالمی دنیا کے سامنے عیاں کرنے میں سو فیصد کامیاب رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی سطح پر پاکستان کو ہندوستان پر سبقت حاصل ہوئی ہے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی الیکشن جیتنے کی آڑ میں دہشتگردی کروا کر اس دفعہ بری طرح ناکام ہو گیا الیکشن سے قبل جو پتہ وہ کھیلتا تھا اس مرتبہ بلاول بھٹو زرداری نے اس کے تمام حربے ناکام کرتے ہوئے اسے منہ توڑ جواب دیا ہے جس پر پاکستان کے بائیس کروڑ عوام چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ دلیر،بے باک،باجرات،نڈر بلاول بھٹو زرداری کا ہمیشہ دست بازو بنتے ہوئے ہر صف میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہ ناصرف ہندوستانی دہشتگردی کو دنیا کے سامنے ایک آئینہ کے طور پر سامنے لائیں گے اور ملک پاکستان کی اکانومی کو بہتر کرنے کے لئے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات