پانی ذخیرہ کرنے کی استطاعت بڑھانے، زراعت کیلئے درکار پانی کی فراہمی ، سیلاب کی روک تھام کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے ،وزیراعظم

ہماری معاشی خود انحصاری کا دارومدار سستی بجلی اور زراعت پر ہے جس کے لئے پانی کے سٹوریج بڑھانے اور پانی کے مؤثر استعمال کی ضرورت ہے ، شہبازشریف

منگل 3 جون 2025 17:52

پانی ذخیرہ کرنے کی استطاعت بڑھانے، زراعت کیلئے درکار پانی کی فراہمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کی استطاعت بڑھانے، زراعت کیلئے درکار پانی کی فراہمی ، سیلاب کی روک تھام کے لئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دیا میر بھاشا ڈیم اور دیگر آبی وسائل کے امور پر اہم اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پانی ذخیرہ کرنے کی استطاعت بڑھانے، زراعت کیلئے درکار پانی کی فراہمی ، سیلاب کی روک تھام کے لئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہماری معاشی خود انحصاری کا دارومدار سستی بجلی اور زراعت پر ہے جس کے لئے پانی کے سٹوریج بڑھانے اور پانی کے مؤثر استعمال کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ملک میں توانائی کی پیداوار اور پانی کے وافر ذخیرے کا مؤثر نظام قائم کرنے کیلئے دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو فوری طور پر حل کرنے اور منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کی ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ،وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔