Live Updates

بلوچستان، سیکیورٹی فورسز کے 2 آپریشنز میں فتن الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک

منگل 3 جون 2025 19:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں 2 آپریشنز کے دوران فتن الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں فتنہ الہند کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، اسی طرح ایک آپریشن کے دوران ضلع قلات میں فتن الہند کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولا بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد فورسز اور عوام پر حملوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے، دونوں علاقوں میں کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 6 سے 10 مئی کے دوران پاکستان کے ساتھ جنگ میں شکست کے بعد عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنے والے بھارت نے اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کی ہے، خصوصا بلوچستان میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل ای) کے دہشت گردوں کو فعال کیا۔ان سفاک دہشت گردوں نے گزشتہ ماہ خضدار میں اسکول کے بچوں کی بس کو بھی حملے کا نشانہ بنایا، جس میں 7 معصوم طالبات اور ایک طالب علم شہید ہوا تھا، جس کے بعد قومی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردوں کے خلاف بیرحمانہ کارروائی کرنے کی منظوری دی تھی۔

گزشتہ ہفتے بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتن الہندوستان کے دہشت گردوں نے سرکاری افسران کی رہائش گاہوں پر حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی شہید ہوگئے تھے، دہشت گردوں نے افسران کی رہائش گاہیں نذر آتش کردیں اور بینک کو بھی لوٹ لیا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات