Live Updates

آئندہ ماہ سے شہر میں وفاقی پیکج سے ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو جائے گا، ڈاکٹر فاروق ستار

موجودہ سیاسی و معاشی حالات میں عوام کے اندر پائی جانے والی بے چینی اور محرومی کا ازالہ صرف ایم کیو ایم پاکستان ہی کرسکتی ہے،سینئر مرکزی رہنما ایم کیو ایم وزیراعظم پاکستان سے شہری سندھ کے لوگوں کے لئے وفاقی ملازمتیں حاصل کرنے میں کوشاں ہے

منگل 3 جون 2025 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی اور مختلف ٹائونز کے ذمہ داران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ تحریک کی تنظیمی ساخت کو مضبوط اور مربوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ہم سب اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے نہ صرف تنظیمی امور کو بہتر انداز میں سرانجام دیں بلکہ عوامی سطح پر رابطہ مہم کو تیز کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں۔

انکا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ سے وفاقی پیکج سے شہری سندھ میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو جائے گا جبکہ روزگار کے مسائل کے حل کے لئے ایم کیو ایم وزیراعظم پاکستان سے شہری سندھ کے لوگوں کے لئے وفاقی ملازمتیں حاصل کرنے میں کوشاں ہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی و معاشی حالات میں عوام کے اندر پائی جانے والی بیچینی اور محرومی کا ازالہ صرف ایم کیو ایم پاکستان ہی کرسکتی ہے، بشرطیکہ ہم سب اخلاص، دیانت اور تنظیمی نظم و ضبط کے ساتھ اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ٹانز کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ یوسی کی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو فعال بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور باقاعدگی سے کارکردگی رپورٹس مرکز پر جمع کروائیں اس موقع پر سینئرمرکزی رہنما سید امین الحق، سی او سی انچارج فرقان اطیب، مرکزی رہنما ارشاد ظفیر، سید شکیل احمد، ارشد حسن، شریف خان، مسعود محمود بھی موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات