Live Updates

پاکستان بیلاروس کے ساتھ معاشی شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے، آئی ٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف کی بیلاروس کے وفد سے گفتگو

بدھ 4 جون 2025 16:06

پاکستان بیلاروس کے ساتھ معاشی شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے، آئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ معاشی شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے، بیلاروس کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، زرعی مشینری کی تیاری کے حوالے سے بیلاروس کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیلا روس کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل وکٹر خرینن کی زیر قیادت سات رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وفد میں پاکستان میں تعینات بیلا روس کے سفیر آندرے میٹیلسٹا بیلا روس کے کمانڈر ائیر فورس اینڈ ائیر ڈیفنس میجر جنرل آندرے لکیانووچ اور بیلا روسی وزارت دفاع کے حکام شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بیلاروس کے ساتھ معاشی شراکت داری کی مزید ترویج کے خواہاں ہیں، زرعی مشینری کی تیاری کے حوالے سے بیلاروس کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبوں میں بھی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، اس سال میرے دورہ بیلاروس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے جن کی بدولت دو طرفہ تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔

وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بیلا روس کے وفد کو جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدہ صورتحال پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی جس کا مثبت جواب دینے کی بجائے بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئےپاکستان پر حملہ کیا، شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں بے گناہ معصوم شہری شہید ہوئے۔

وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ 10 مئی کو پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ بیلاروس کے وزیر دفاع نے وزیراعظم کو بیلاروسی صدر کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے خواہاں ہیں، میرے اور میرے وفد کے دورہ پاکستان کا مقصد بیلاروس اور پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر پیشرفت کو مزید آگے بڑھانا ہے ، پاکستان-بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہیں۔

بیلا روس کے وزیر دفاع نے پاکستان میں شاندار استقبال اور پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔\932
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات