Live Updates

جمہوریت کی بحالی کے لیے آخری دم تک جدوجہد کروں گا، عمران خان

DW ڈی ڈبلیو بدھ 4 جون 2025 18:20

جمہوریت کی بحالی کے لیے آخری دم تک جدوجہد کروں گا، عمران خان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 04 جون 2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ جیل سے ملک گیر احتجاجی تحریک کی سربراہی کریں گے اور یہ کہ اس تحریک میں شرکت کے لیے جی ڈی اے اور ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دی جائے گی۔

آج چار جون بروز بدھ ایکس پر اردو زبان میں جاری کیے گیے ایک تفصیلی بیان میں عمران خان نے آٹھ فروری کے انتخابات میں دھاندلی، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کی مبینہ ملی بھگت اور موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے مبینہ گٹھ جوڑ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

عمران خان کا کہنا تھا، ''میرے تمام انسانی حقوق معطل ہیں۔ میں دو سال سے قید میں ہوں جبکہ میری اہلیہ کو 14 ماہ سے قید میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عدلیہ انسانی حقوق کا دفاع نہیں کرتی کیونکہ وہ سب ایک کرنل سے ڈرتے ہیں۔ میں یہ سب ظلم صرف قوم کی خاطر برداشت کر رہا ہوں اور کسی صورت ڈیل نہیں کروں گا۔‘‘

عمران خان کا مزید کہنا تھا، ''میرا اسٹیبلشمنٹ کو پیغام ہے کہ آپ کو تحریک انصاف کی ضرورت ہے مجھے آپ کی کوئی ضرورت نہیں۔

اصل طاقت اسی کے پاس ہوتی ہے جس کے ساتھ عوام ہو۔ عوام کی اصل نمائندہ جماعت تحریک انصاف ہی عوام میں فوج کا تاثر بحال کر سکتی ہے۔‘‘

ملک گیر احتجاجی تحریک کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا، ”اس ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔ تحریک انصاف پر تمام قانونی اور آئینی راستے بند کر دیے گئے ہیں اس لیے میں اب خود بطور پارٹی سربراہ جیل سے احتجاجی تحریک کی سربراہی کروں گا- باہر میری نمائندگی عمر ایوب کریں گے۔

سلمان اکرم راجہ ہدایات پر عملدرآمد کروائیں گے-‘‘

انہوں نے کہا کہ اس تحریک کا لائحہ عمل چند روز میں قوم کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔ اس احتجاجی تحریک کے لیے اپنی اتحادی جماعتوں سمیت تحریک تحفظ آئین، جی ڈی اے اور ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دیں گے۔ انشأللہ اس تحریک کو کوئی نہیں روک سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا، ''میں جمہوریت کی بحالی کے لیے آخری دم تک جدوجہد کروں گا-"

شکور رحیم

ادارت: رابعہ بگٹی

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات