Live Updates

آئی ایم ایف کا صنعتی اور ٹیکنالوجی زونز کی مراعات ختم کرنے کا مطالبہ

آئندہ بجٹ میں کسی بڑے ترقیاتی منصوبے کو شامل کرنا اور اس کی تکمیل یقینی بنانا ممکن نہیں ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 5 جون 2025 12:03

آئی ایم ایف کا صنعتی اور ٹیکنالوجی زونز کی مراعات ختم کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2025ء ) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے جاری مذاکرات میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز اور صنعتی زونز کو دی گئی مراعات کو مرحلہ وار ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو 2035ء تک تمام مراعات کے خاتمے کا ایک جامع پلان تیار کرنا ہوگا جو رواں سال کے آخرتک مکمل کرکے پیش کیا جانا لازمی ہے، یہ پلان پاکستان کو آئی ایم ایف کے ساتھ جاری معاہدے کے تحت مرتب کرنا ہوگا تاکہ مالیاتی نظم و ضبط اور محصولات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکام وزارت خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بجٹ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے تحت ترتیب دیا جا رہا ہے جس کے باعث حکومت کو تمام مالیاتی اہداف ہر صورت حاصل کرنا ہوں گے، آئندہ بجٹ میں کسی بڑے ترقیاتی منصوبے کو شامل کرنا اور اس کی تکمیل یقینی بنانا ممکن نہیں ہوگا کیوں کہ بجٹ خسارے اور مالیاتی پابندیوں کے باعث حکومت کو کفایت شعاری کی پالیسی اپنانا پڑے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے ٹیکس بڑھانے کیلئے حکومت سے مزید سخت اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہے، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کہتے ہیں کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں جب کہ اسی حوالے سے ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے یہ تجویز دی گئی ہے کہ ٹیکس نا دہندگان کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں، ٹیکس حکام کے اختیارات کے استعمال میں اضافے کرتے ہوئے شفافیت کو بھی یقینی بنایا جائے، ٹیکس چوری روکنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال مزید بڑھایا جائے۔

ذرائع وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی او ایس پر ٹیکس چوری کا جرمانہ 5 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ٹیکس چوری پر جرمانے کے ساتھ فوجداری مقدمات درج کرنے کا بھی مظالبہ سامنے آیا ہے، اس کے علاوہ سولر پینلز سمیت تمام ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اسی طرح کھاد، اسپرے اور زرعی آلات پر 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کرنےکی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات