پی سی بی کا 17 سال سے انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ سندھ کی محسن نقوی سے ملاقات ، سندھ میں کرکٹ کے فروغ، میچز کے انعقاد اور سٹیڈیمز کی تعمیر نو کے امور پر تفصیلی گفتگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 جون 2025 14:45

پی سی بی کا 17 سال سے انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 جون 2025ء ) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں سندھ میں کرکٹ کے فروغ، میچز کے انعقاد اور سٹیڈیمز کی تعمیر نو کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ میں سندھ میں کرکٹ کے فروغ اور سٹیڈیمز کی بحالی پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں نیاز سٹیڈیم حیدرآباد کی عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا گیا۔ 
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ اپ گریڈیشن کے بعد نیاز سٹیڈیم میں17 برس بعد انٹرنیشنل میچ کا انعقاد ہو سکے گا، رواں برس ہی نیاز سٹیڈیم حیدرآباد میں انٹرنیشنل میچ کے انعقاد کی کوشش کریں گے، پی سی بی کی ٹیم آئندہ ہفتے نیاز سٹیڈیم حیدرآباد کا دورہ کرے گی اور تمام تر سہولتوں کا جائزہ لے گی۔

(جاری ہے)

 
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر آصف زرداری کی ہدایت پرسندھ حکومت کے تعاون سے نیاز سٹیڈیم کی انٹرنیشنل لیول کی اپ گریڈیشن ہو گی، نیاز سٹیڈیم میں سہولتوں کو مل کر بہتر بنائیں گے۔ 
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کے نئے وینیوز پر کام کر رہے ہیں، حیدر آباد اور فیصل آباد میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پہلی ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ نیاز سٹیڈیم حیدرآباد میں آخری بین الاقوامی ون ڈے میچ 2008ء میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
سندھ کے صوبائی وزیر جام خان شورو اور چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔