Live Updates

فواد چوہدری کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر کا نام سفری پابندی فہرست سے نہ نکالنے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹادی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 5 جون 2025 15:25

فواد چوہدری کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کا حکم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2025ء ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کا نام سفری پابندی فہرست سے نہ نکالنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی جہاں جسٹس انعام امین منہاس نے کیس سنا، دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل فیصل عرفان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد ہو چکا ہے اور فواد چوہدری کا نام پی سی ایل سے نکال دیا گیا ہے، جس پر عدالت نے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔

اس موقع پر فواد چوہدری روسٹرم پر آئے اور عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو پتا ہے ہم نے کہاں جانا ہے، ہم نے یہیں اپوزیشن کرنی ہے‘، اس پر جسٹس انعام امین منہاس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ’آپ نے بھی ان کے پیچھے پڑ کر نام نکلوا ہی لیا ہے‘۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کی ایک بڑی سیاسی حقیقت ہے انہیں مذاکرات میں شامل ہونا چاہیئے، اس وقت پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان فاصلے بہت زیادہ ہیں اور ان کی بنیادی وجہ رابطوں کا نہ ہونا ہے، ہم نے خود رابطہ ختم کر کے نقصان اٹھایا، پارٹی میں کچھ لوگ کہتے ہیں جن کا رابطہ ہے اُنہیں نکال دیا جائے۔

سابق وفاقی وزیر کا مؤقف ہے کہ بھائی جن کا رابطہ ہے وہی تو عقل کی بات کریں گے تاہم جو بھی لوگ ذاتی مفاد کے لیے اس قسم کے رابطے استعمال کرتے ہیں، اُن کی ضرور مذمت ہونی چاہیئے، پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان عدالتوں سے نہیں بلکہ سیاسی حکمت عملی سے باہر آئیں گے، جب کہ اگر سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے پی ٹی آئی سے رابطے ہیں تو یہ تو اچھی بات ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات