Live Updates

عیدالاضحی ،پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو 90دن کی خصوصی معافی دے دی گئی

پنجاب کی جیلوں میں 450اسیران مستفید، 270رہا ہو کر اہل خانہ کیساتھ عید منائیں گے قانون کے مطابق سنگین جرائم کے سزا یافتہ قیدی معافی کے حکم نامے سے مستفید نہیں ہونگے‘ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب

جمعرات 5 جون 2025 17:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی سزا میں معافی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق قانون کی روشنی میں پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو 90 دن کی خصوصی معافی دی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ کے جاری کردہ سزا معافی کے حکم نامے سے 450اسیران مستفید ہوں گے جبکہ 270قیدی رہا ہو کر اہلِ خانہ کے ساتھ عید منائیں گے۔

ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ نے سزائوں میں معافی پاکستان پریزن رولز 1978ء کے رول نمبر 216کے مطابق دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کی جانب سے نادار قیدیوں کے جرمانے کی ادائیگی اور اچھے کردار کے باعث بھی سزا میں کمی سے قیدی رہا ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قانون اور معزز عدلیہ کے فیصلوں کی روشنی میں سنگین جرائم میں ملوث قیدی اس نوٹیفیکیشن سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق دہشت گردی، فرقہ واریت، جاسوسی، بغاوت یا ریاست مخالف سرگرمی پر سزا یافتہ قیدی مستفید نہیں ہونگے۔ نوٹیفیکیشن میں درج ہے کہ قتل، زنا، منشیات فروشی، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدی بھی سزا معافی کے حکم نامے سے مستفید نہیں ہونگے۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ گزشتہ 1سال کے دوران جیل قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دیے گئے قیدی بھی اس رعایت سے مستفید نہیں ہونگے۔ محکمہ داخلہ نے قیدیوں کی سزا میں خصوصی معافی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات