Live Updates

پنجاب حکومت کا قیدیوں کی سزا میں 90 دن کی معافی کا نوٹیفکیشن جاری

جمعرات 5 جون 2025 20:09

پنجاب  حکومت کا قیدیوں کی سزا میں  90 دن کی   معافی کا نوٹیفکیشن  جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی سزا میں معافی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق قانون کی روشنی میں پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو 90 دن کی خصوصی معافی دی گئی ہے۔سیکرٹری داخلہ کے جاری کردہ سزا معافی حکم نامے سے450 اسیران مستفید اور270 قیدی رہا ہو کر اہلِ خانہ کے ساتھ عید منائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ نے سزائوں میں معافی پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول نمبر 216 کے مطابق دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کی جانب سے نادار قیدیوں کے جرمانے کی ادائیگی اور اچھے کردار کے باعث بھی سزا میں کمی سے قیدی رہا ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ قانون اور معزز عدلیہ کے فیصلوں کی روشنی میں سنگین جرائم میں ملوث قیدی اس نوٹیفیکیشن سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دہشت گردی، فرقہ واریت، جاسوسی، بغاوت یا ریاست مخالف سرگرمی پر سزا یافتہ قیدی مستفید نہیں ہونگے۔قتل، زنا، منشیات فروشی، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدی بھی سزا معافی کے حکم نامے سے مستفید نہیں ہونگے۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران جیل قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دیئے گئے، قیدی بھی اس رعایت سے مستفید نہیں ہونگے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات