امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت تنازع کے دوران مثبت کردار ادا کیا، بغیر ثبوت الزام لگاکر حملہ کرنے کی بھارتی روش نریندر مودی کے جنگی جنون کا مظہر ہے، بلاول بھٹو زرداری

جمعرات 5 جون 2025 21:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت تنازع کے دوران مثبت کردار ادا کیا، بغیر ثبوت الزام لگاکر حملہ کرنے کی بھارتی روش نریندر مودی کے جنگی جنون کا مظہر ہے۔جمعرات کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے اراکین سے ملاقات کی۔

ان کے ہمراہ پاکستان کے پارلیمانی سفارتی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ انھوں نے ری پبلکن پارٹی کے جیک برگ مین اور ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹام سوازی ودیگر سے ملاقات کی۔ امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے اراکین کے سامنے بھارتی آبی جارحیت کا مقدمہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے پانی کو ہتھیار بناکر پوری دنیا کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت تنازع کے دوران مثبت کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی حکومت کی اشتعال انگیزی کو نہ روکا گیا تو خطے کا امن خطرے میں پڑجائے گا، بغیر ثبوت الزام لگاکر حملہ کرنے کی بھارتی روش نریندر مودی کے جنگی جنون کا مظہر ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر بھارت کسی صورت امن کی بات کرنے کو تیار نہیں ۔ملاقات میں دونوں اطراف سے خطے میں پائیدار امن اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔کانگریس اراکین نے پاکستان کے موقف کو سنا اور باہمی روابط کو فروغ دینے پر آمادگی ظاہر کی۔