سندھ حکومت کا عیدالاضحی پر قیدیوں کیلئے120 دن کی معافی کا اعلان

محکمہ داخلہ سندھ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، یہ معافی صرف ان قیدیوں کو دی جائے گی جو عام جرائم میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ قتل، دہشتگردی، ریپ، اغوائ، مالی بدعنوانی، منشیات، فارن ایکٹ، جاسوسی اور سزائے موت کے قیدیوں پر اس معافی کا اطلاق نہیں ہوگا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 6 جون 2025 11:57

سندھ حکومت کا عیدالاضحی پر قیدیوں کیلئے120 دن کی معافی کا اعلان
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 جون 2025)سندھ حکومت نے عیدالاضحی پر قیدیوں کیلئے120دن کی معافی کا اعلان کر دیا، محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر عام قیدیوں کیلئے خصوصی معافی کا اعلان کیا گیا ہے، محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق یہ معافی صرف ان قیدیوں کو دی جائے گی جو عام جرائم میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

قتل، دہشتگردی، ریپ، اغوائ، مالی بدعنوانی، منشیات، فارن ایکٹ، جاسوسی اور سزائے موت کے قیدیوں پر اس معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔یہ فیصلہ جیلوں میں قید ان قیدیوں کیلئے ایک امید کی کرن ہے جو اپنی سزا مکمل کرنے کے قریب ہیں اور اچھے طرز عمل کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عید کے موقع پر قیدیوں اور ان کے خاندانوں کو ریلیف دینے کیلئے کیا گیا ہے، تاہم صرف ان قیدیوں کو فائدہ دیا جائے گا جو معمولی جرائم میں سزا کاٹ رہے ہیں اور قانون کے تحت معافی کے اہل ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے بھی عیدالاضحی سے قبل قیدیوں کی سزاﺅں میں 90روز کی معافی کا اعلان کیا تھا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے سزاﺅں میں خصوصی معافی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاتھا۔حکم نامے کے مطابق سزا میں کمی پاکستان پریژن رولز 1978 کے رول 216 کے تحت کی گئی تھی۔ تاہم دہشت گردی، فرقہ واریت، بغاوت یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدی اس رعایت سے مستفید نہیں ہونگے۔

یہ رعایت مخصوص نوعیت کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدیوں کو نہیں دی گئی جبکہ جاسوسی، قتل، زنا، منشیات فروشی، ڈکیتی، اغوا کے مجرمان،مالی غبن، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزایافتہ قیدی بھی اس رعایت سے مستفید نہیں ہونگے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر کی جیلوں میں قید 450 قیدی اس خصوصی رعایت سے مستفید ہوں گے جبکہ 270 قیدیوں کی رہائی ممکن ہو پائے گی جو عید اپنے اہل خانہ کے ساتھ منائیں گے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ اقدام قیدیوں کی فلاح و بہبود اور عید کے موقع پر ان کی اہل خانہ سے ملاقات کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔