Live Updates

عید کے موقع پر معاشرے کے پسماندہ طبقے کا خاص خیال رکھنا ہماری دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے ،سید یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 7 جون 2025 11:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دربار موسیٰ پاک شہید میں عید کی نماز ادا کی۔سجادہ نشیں دربار عالیہ پیر سید ابوالحسن گیلانی ،ممبرز قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی ، سید علی قاسم گیلانی ،سابق رکن صوبائی اسمبلی جاوید صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے ملکی خوشحالی ،استحکام اور ترقی کےلئے دعا کی۔

نماز ادائیگی کے بعد وہ لوگوں میں گھل مل گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور اپیل کی ہے کہ عید کی خوشیوں میں غریبوں، شہداء اور مظلوم مسلمانوں کو ہرگز فراموش نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید قربان ہمیں ایثار، قربانی اور یکجہتی کا درس دیتی ہے، اور اس موقع پر معاشرے کے پسماندہ طبقے کا خاص خیال رکھنا ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مسلم اُمہ کو بھی چاہیے کہ وہ غریبوں کی مدد کریں۔یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر افواجِ پاکستان کے ان جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جواں مردی سے مقابلہ کیا اور ملک کو امن کی طرف گامزن کیا۔سیاسی منظرنامے پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے ،کیونکہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام ممکن ہے۔

اس لیے تمام جماعتوں کو چاہیے کہ وہ قومی مفاد میں یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ایک سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آنے والے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے ۔عام آدمی کی زندگی آسان بنانا پارلیمنٹ، حکومت اور تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔چئیرمین سینٹ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات