Live Updates

بجٹ میں ایسے اقدامات کر رہے ہیں جس سے ملک آگے بڑھے، محمد اورنگزیب

ایک رات میں سب کچھ تبدیل نہیں کیا جاسکتا کچھ وقت درکار ہے، آج ہر کوئی مان رہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری آچکی ہے، آج اقتصادی سروے آرہاہے جبکہ 10 جون کو بجٹ پیش کریں گے، وفاقی وزیر خزانہ

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 9 جون 2025 11:10

بجٹ میں ایسے اقدامات کر رہے ہیں جس سے ملک آگے بڑھے، محمد اورنگزیب
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 جون 2025)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ایسے اقدامات کر رہے ہیںجس سے ملک آگے بڑھے،ایک رات میں سب کچھ تبدیل نہیں کیا جاسکتا کچھ وقت درکار ہے، آج ہر کوئی مان رہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری آچکی ہے،وفاقی وزیر خزانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں معاشی بہتری آئی۔

ملکی معیشت میں جو استحکام آیا اسے آگے لےکر جائیں گے۔آج اقتصادی سروے آرہا ہے جبکہ 10 جون کو بجٹ پیش کریں گے۔ بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف دیا جائےگا، کئی اقدامات کریں گے جس میں ریلیف اور گروتھ کا عنصر شامل ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمداورنگزیب نے پاک بھارت جنگ کے دوران میڈیا کے کردار کو سراہا۔ یاد رہے کہ وفاقی بجٹ بروزمنگل 10 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کی مشاورت سے تیار وفاقی بجٹ کا حجم ساڑھے 17 ہزار ارب روپے سے 18 ہزار ارب روپے تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین پر عائد ٹیکس میں ریلیف کا بھی امکان ہے۔ آئندہ مالی سال کے دوران دفاع پر دو ہزار 414 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر وفاق 1065 ارب روپے خرچ کرے گا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ میں گریڈ ایک سے 16 تک ملازمین کیلئے30 فیصد ڈسپیرٹی الاونس اور مہنگائی کے تناسب سے بجٹ میں تنخواہ اور پنشن میں 10 فیصد اضافے سمیت تین تجاویز زیر غور ہیں اور تینوں تجاویز کی قومی خزانے پر مالی بوجھ کے حوالے سے لگ الگ ورکنگ پر مشتمل ورکنگ پیپر وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

نان ٹیکس آمدن دو ہزار 584 ارب روپے، صوبے ایک ہزار 220 ارب کا سرپلس دیں گے۔ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 25 ارب ڈالر سے زائد قرض حاصل کرنے کا تخمینہ لگایا ہے، ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور دیگر دوست ممالک سے 12 ارب ڈالر قرض رول اوور کرایا جائے گا۔ آئندہ سال قرضوں پر سود ادائیگیوں کیلئے 8 ہزار 685 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔مسلح افواج کو کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم سے مستثنیٰ رکھنے کی بھی تجویز ہے۔ حکومت کو اتحادیوں نے بھی تنخواہوں میں اضافے کا مشورہ دیا ہے۔

Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات