Live Updates

اعلان کے باوجود عید پر لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ کھلا فراڈ ہے،اسد قیصر

اگر بجلی فراہمی بحال نہ ہوئی تو عوام کیساتھ گرڈ سٹیشن کا رخ کریں گے، سابق سپیکر قومی اسمبلی

پیر 9 جون 2025 17:45

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء) وفاقی حکومت اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے واضح اعلان کے باوجود ایشیا میں پانی سے سستی اور سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والے ضلع صوابی میں بارہ ، بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے شدید ترین گرمی کی وجہ سے یہ صرف لوگ نڈھال ہو گئے بلکہ ریفریجریٹرز میں موجود قربانی کا منوں گوشت خراب ہونے کا اندیشہ ہے ، اس حوالے سے صوابی سے تعلق رکھنے والے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے بانی رہنما اسدقیصر نے عیدالاضحی کے موقع پر بھی 22 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر ویڈیو بیان میں کہا کہ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ عید کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، مگر اس کے برعکس گزشتہ 24گھنٹوں سے صوابی میں صرف 2گھنٹے بجلی فراہم کی گئی،یہ صورتحال حکومت کے دعوئوں کو جھوٹا ثابت کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے ساتھ کھلا فراڈ ہے، وزیر اعظم شہبازشریف کے دعوئوں کی حقیقت جاننی ہو تو صوابی کے عوام سے پوچھ لیجیے، انہوں نے چیف پیسکو کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوئی تو عوام کیساتھ گرڈسٹیشن کا رخ کریں گے، انہوں نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم دن ہمیں ایثار، قربانی، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میں ان تمام سیاسی اسیران کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، خصوصا قوم کے محبوب لیڈر عمران خان، محترمہ بشری بی بی، شاہ محمود قریشی اور دیگر پارٹی قیادت و کارکنان کو، جو اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے کی پاداش میں ایک اور عید اپنے پیاروں سے دور، جیل کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔یقین ہے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور وہ دن ضرور آئے گا جب پاکستان ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنے گا جہاں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، اور عوام کی عزت و آزادی کو یقینی بنایا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات