لیہ میں تیز رفتار بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق، 25 شدید زخمی

حادثہ سڑک پر کنکریٹ بچھانے کی وجہ سے پیش آیا،مقدمہ ہائی وے روڈ ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا

پیر 9 جون 2025 19:20

لیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)لیہ میں نواں کوٹ کے قریب اتوار کو ایک تیز رفتار مسافر بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق اور 25 شدید زخمی ہو گئے، حادثے کا مقدمہ ہائی وے روڈ ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا کیونکہ حادثہ سڑک پر کنکریٹ بچھانے کی وجہ سے پیش آیا۔فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق، حادثے میں بس ڈرائیور سمیت 5 افراد جاں بحق اور 25 دیگر زخمی ہوئے۔

بس الٹنے کے نتیجے میں اموات کا واقعہ نواں کوٹ کے علاقے میں پیش آیا جس کا مقدمہ چوبارہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ٹھیکیدار پر بجری کے ڈھیر لگا کر سڑک بلاک کرنے اور سائن بورڈ نہ لگانے کا الزام ہے، زیر تعمیر سڑک کے ٹھیکیدار کے خلاف ایک جاں بحق مسافر کے پوتے عابد حسین کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام نے بتایا کہ مسافر بس الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 25 افراد زخمی ہوئے، مسافر بس لاہور میں بی بی پاک دامن کے مزار سے کروڑ لعل عیسن تحصیل لیہ واپس آ رہی تھی۔جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو تحصیل ہسپتال فتح پور منتقل کر دیا گیاجبکہ6 شدید زخمی مسافروں کو علاج کے لیے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔چوبارہ پولیس نے ٹھیکیدار کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعات 322 (تیز رفتاری یا غفلت سے موت کا باعث بننا)، 337-G (تیز رفتاری یا غفلت سے چوٹ پہنچانے کی سزا)، 279 (عوامی راستے پر تیز رفتاری سے گاڑی چلانا یا سواری کرنا)، 341 (غلط طریقے سے روکنے کی سزا) اور 422 (دھوکہ دہی یا فریب سے قرض دہندگان کے لیے قرض کو دستیاب ہونے سے روکنا) کے تحت مقدمہ درج کیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ بس میں 62 مسافر سوار تھے جبکہ 20 چھت پر سوار تھے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لیہ کی ڈپٹی کمشنر عمیرہ بیدار کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو بہترین سہولیات اور عمدہ علاج فراہم کریں۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمی مسافروں سے ملاقات کی۔