عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے، صوبائی وزیر شافع حسین

پیر 9 جون 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے۔گجرات سمیت پنجاب بھر میں بھرپور صفائی مہم جاری ہے اور مختلف اضلاع میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں گھر گھر جا کر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھا رہی ہیں اور اس کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے اس صفائی مہم کی منصوبہ بندی کی۔

پہلے جانوروں کی آلائشیں سڑکوں پر پڑی رہتی تھیں اور تعفن کا باعث بنتی تھیں۔پہلی بار ایسا ہوا کہ شہریوں میں آلائشوں کیلئے بیگز تقسیم کئے گئے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے اہلکار گھروں کے دروازوں سے آلائشیں اکھٹی کرکے ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے اور اس حوالے سے پرایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ اگر بھارت نے دوبارہ ایسی حرکت کی تو پاکستان کی مسلح افواج اس کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔پاک بھارت جنگ میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر تھیں صرف ایک سیاسی جماعت نے ساتھ چلنے سے انکار کیا حالانکہ قومی مقصد کیلئے سب کو مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ جنگ بھارت نے شروع کی تھی۔ پاکستان پر جھوٹا الزام لگایا جس میں پاکستان کلیئر ہوا اور بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا ناکام ہوا اور دنیا پر بھارت کا جھوٹ آشکار ہوا۔ یہ جنگ بھارت نے شروع کی اور اسے شکست ہوئی،ایسی جنگوں سے صرف دو ممالک نہیں پورا خطہ متاثر ہوتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کی جنگ میں دوست ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آئے،چین نے اس جنگ میں ہمیشہ کی طرح پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں،بھارت میں بہت سے صوبے ایسے ہیں جہاں مسلمانوں کو گھروں میں گھس کر مارا جارہا ہے اور مسلمان گائے بھی ذبح نہیں کرسکتے۔ بلدیاتی الیکشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جب بھی ہوں ہم نے اپنی جماعت کو تیار رہتے کی ہدایت کردی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات آئندہ ایک یا دو سال میں ہو جائیں اور ہر سیاسی جماعت اپنے پلیٹ فارم سے ان انتخابات میں حصہ لے۔

ایک اور سوال کے جواب میں چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گجرات شہر کے سیوریج کا منصوبہ 15ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا اور پنجاب حکومت اس سکیم کو خود مکمل کرے گی جبکہ کنسلٹنٹ ورلڈ بنک کا ہوگا۔ باب گجرات اور کٹھالہ انڈر پاس کا پاس کا منصوبہ 20جون تک مکمل کرلیا جائے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے گجرات شہر کا داخلی راستہ خوبصورت ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر ایک دن رات محنت اور ایمانداری سے کام کرے تو آئی ایم ایف سے ایک سال میں نجات مل سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے سفارتی وفد نے پاکستان کا کیس بھرپور طریقے سے لڑا اور دنیا پر واضح ہوگیا کہ بھارت نے غلط خبریں چلائیں اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔پاکستانی وفد نے بھارت کا جھوٹ دنیا پر آشکار کیا۔