Live Updates

سکھر سے بھارت ہجرت کرنے والا ہندو جوڑا ممبئی میں مبینہ طور پر قتل

جوڑا نومبر 2024ء میں اپنے 2 بیٹوں کے ساتھ بھارت منتقل ہوا جہاں وہ کرائے کے ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھے

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 جون 2025 12:43

سکھر سے بھارت ہجرت کرنے والا ہندو جوڑا ممبئی میں مبینہ طور پر قتل
ممبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون 2025ء ) صوبہ سندھ کے شہر سکھر سے بھارت ہجرت کرنے والے ہندو جوڑے کو ممبئی میں مبینہ طور پر قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سے متعلق رکھنے والے ہندو جوڑے نوتن داس سنجے اور ان کی اہلیہ سپنا داس کو نیو ممبئی میں مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا، جس کے بارے میں بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ شوہر نے مبینہ طور پر پہلے بیوی کو قتل کیا اور پھر خود بھی خودکشی کرلی، پولیس نے مرنے والے سنجے کمار کے خلاف ہی قتل کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ جوڑا نومبر 2024ء میں اپنے 2 بیٹوں کے ساتھ بھارت منتقل ہوا جہاں وہ کھار گھر میں کرائے کے ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھے اور ملازمت کی تلاش میں تھے، ان کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے اور وہ مالی مشکلات کے باعث پاکستان واپس جانے پر غور کر رہے تھے، یہ واقعہ صبح 9 بجے سے ساڑھے 10 بجے کے درمیان کھار گھر میں واقع رہائشگاہ پر پیش آیا جہاں شوہر نے مبینہ طور پر چاقو سے بیوی کی گردن، کمر اور کندھے پر وار کرکے اسے ہلاک کردیا اور بعد میں اسی چاقو سے اپنی گردن پر شدید زخم لگائے جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ جب جوڑے کا چھوٹا بیٹا سکول سے واپس آیا تو کسی نے دروازہ نہیں کھولا اس پر بچے نے ہمسایوں سے رابطہ کیا جنہوں نے متوفیہ خاتون کی بہن کو اطلاع دی تو بہن نے پولیس کو مطلع کیا جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں میاں بیوی کو مردہ پایا، قتل کے اس واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم مقتولہ کی بہن نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ ایک جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا، ان کی شکایت پر مقتول شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات