Live Updates

وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں قائم حکومت نے معاشی مشکلات کے باوجود متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، نعمان خان ناصر

بدھ 11 جون 2025 17:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے نائب صدر سردارزادہ نعمان خان ناصر نے وفاقی بجٹ کو عوامی امنگوں اور خواہشات کی ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکم ٹیکس میں کمی اور پراپرٹی پر ریلیف جیسے اعلانات، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے 5 ارب روپے اور وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ کے بجٹ میں اضافہ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 716 ارب روپے مختص کرنے کا براہ راست فائدہ متوسط طبقے کو پہنچے گا۔

(جاری ہے)

بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ، زراعت کے شعبے کے لیے 4 ارب روپے مختص کرنے، جائیداد کی خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں کمی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمہ کا اثر تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر پڑے گا۔پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے نائب صدر سردارزادہ نعمان خان ناصر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں قائم حکومت نے معاشی مشکلات کے باوجود متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات