پہلگام واقعے پر کوئی بھی ملک بھارت کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا، کانگریس

جمعرات 12 جون 2025 12:03

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) بھارت کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے کہا ہے کہ اس وقت صورتحال ایسی ہے کہ دنیا پہلگام واقعے کی مذمت توکرتی ہے لیکن کوئی بھی ملک بھارت کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کے سینئر رہنما اورریاست چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھو پیش بگھیل نے نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹز میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پنڈت جواہر لال کے دور سے ڈاکٹر من موہن سنگھ کے دور تک ملک کی خارجہ پالیسی میں کبھی کوئی تبدیلی نہیں آئی جس کی وجہ سے پوری دنیا کے لوگ ہماری بات کو سنجیدگی سے سنتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ آج حالات پوری طرح بدل چکے ہیں اور صورتحال یہ ہے کہ پہلگام واقعے کو پوری دنیا نے مذموم تو قرار دیا لیکن اس حوالے سے کوئی ملک بھی ہمارے ساتھ کھڑا نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعے کے دوران امریکی صدر نے ٹویٹ کیا کہ ”میں نے جنگ بندی کرا دی ہے “ اور انہوں نے یہ بات کئی مرتبہ کہی جس کی وجہ سے پورا ملک اپنی توہین محسوس کر رہا ہے کیونکہ قبل ازیں بھارت نے کبھی بھی کسی دوسرے ملک کی ثالثی قبول نہیں کی تھی۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ نریندر مودی انتخابات کے دوران بہت بولتے ہیں لیکن ٹرمپ والے معاملے پروہ خاموش ہیں ، وزیر اعظم کو بتانا چاہیے کہ آخر ان کی کیا مجبوری ہے۔