Live Updates

بیرون ملک مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیےاپنا کردار ادا کریں،صدر آزاد کشمیر

جمعرات 12 جون 2025 15:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور نازک موڑ پر بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص پولینڈ اور یورپ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

سلطان محمود چوہدری نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں پولینڈ سے شبیر گورسی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کروانے کے حوالے سے پیش کش کا بیان انتہائی خوش آئند ہے اور یہ بہترین وقت ہے کہ مذاکرات کی میز پر کشمیری عوام کو بھی بٹھایا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا جامع اور پائیدار حل نکل سکے۔

(جاری ہے)

ایسی صورتحال میں پوری دنیا میں مقیم کشمیری متحد ہو کر انٹرنیشنل کمیونٹی تک کشمیری عوام کی آواز پہنچائیں۔ کیونکہ بھارت نے 5اگست 2019 کے بعد سے حیلے بہانے سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی شروع کر دی ہے لہذا ایسی صورتحال میں ہمیں عالمی ضمیر کو موثر انداز میں جھنجوڑنا ہو گا اور دنیا کو یہ باور کروانا ہو گا کہ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر کی بھارت کے جابرانہ غاصبانہ قبضہ سے آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرےکیونکہ یہ ایک بہترین وقت ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاک بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتاہے۔

لہذا عالمی برادری یہ بات ذہن نشین کر لے کہ جنوبی ایشیاء کے امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے ، مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہیں اور انہیں مذاکرات میں شامل کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نکل سکے۔ سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جس کے نتیجہ میں بھارت سیز فائر پر مجبور ہو گیا جس پر ہم اپنی پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پولینڈ میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھرپور انداز میں آواز اٹھائیں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مبذول کروائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات