Live Updates

ّگورنر پنجاب سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر کی پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات

ٌامریکی صدر ٹرمپ غزہ میں مظالم اور بے گناہوں کا قتل عام رکوانے میں مداخلت کریں، گورنر پنجاب

جمعرات 12 جون 2025 21:55

ح*اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کے ذریعے امریکی صدر ٹرمپ سے غزہ میں جاری مظالم اور بے گناہوں کے قتل کو رکوانے میں مداخلت کرنے اور جنگ بندی کی اپیل کی۔

امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے گورنر پنجاب کا پیغام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کر کے دنیا میں امن کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ غزہ میں بھی اپنا کردار ادا کریں جیسا کہ انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی میں کیا تھا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کا خواہاں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں سفارتی وفد نے امریکہ سمیت پوری دنیا کے سامنے اپنا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج تک پہلگام حملے کے ثبوت دنیا کے سامنے پیش نہیں کر سکا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بے مثال قیادت کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں صدر آصف علی زرداری کا کردار نمایاں رہا ہے۔ امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے امریکہ اور صدر کے بارے میں مثبت خیالات کو سراہا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات