Live Updates

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں عید الاضحی پر صفائی کے بہترین انتظامات پرقرارداد کی منظوری ،اپوزیشن کا شدید احتجاج

ایوان نے قانون تنسیخ و تنظیم نو غیر مطلوبہ کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب 2025 کا بل منظور کر لیا، اجلاس آج سہ پہر تک ملتوی

جمعرات 12 جون 2025 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں عید الاضحی پر صفائی کے بہترین انتظامات پرقرارداد کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ، �یوان نے قانون تنسیخ و تنظیم نو غیر مطلوبہ کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب 2025 کا بل منظور کر لیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ 48 منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔

اجلاس میں ضمنی الیکشن میں پی پی 52سے مسلم لیگ (ن) کی نو منتخب رکن اسمبلی حنا ارشد وڑائچ نے رکنیت کا حلف اٹھا یا۔نومنتخب رکن حنا ارشد نے حلف کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا نہیں پوری پارٹی کا الیکشن تھا ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں ،میں نے مسلم لیگ (ن)کے پلیٹ فارم سے 38ہزار ووٹ کی لیڈ سے مدمقابل کو شکست دی ہے،اس کی وجہ یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے باتیں نہیں کیں بلکہ کام کرکے دکھایا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری سلطان طارق باجوہ نے محکمہ ہائوسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے بارے میں سوالوں کے جوابات دئیے ۔ اجلاس میں حکومتی رکن امجد علی جاوید نے کہا کہ مسودہ قانون اردو میں پیش نہ کرنا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے،سپیکر نے رولنگ دی تھی کہ کوئی بل اردو متن کے بغیر نہیں آئے گا اور اس کی ذمہ داری محکمہ پر ہوگی ،سیکرٹریٹ اس کا ذمہ دار نہیں ہوگا۔

وزیر قانون صہیب بھرت نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ جب بھی کوئی ایجنڈا آئے گا تو اردو کا ایجنڈا بھی شامل ہوگا۔نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن ممتاز علی چانگ نے پی ٹی آئی کے سجاد احمد کو مستعفی ہو کر صادق آباد سے الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ میں بھی استعفیٰ دیتا ہوں ،پی ٹی آئی کے ممبر سجاداحمد بھی مستعفی ہوںاور الیکشن لڑیں اگر میری جماعت نے اچھا کام کیا تو وہ وہ جیت جائے گی وگرنہ پی ٹی آئی جیت جائے گی،پی ٹی آئی کو پہلے بھی ضمنی انتخاب میں 30ہزار ووٹوں سے شکست دی، نہ میں آٹا چور ہوں نہ چینی چور مافیا ،نہ ہی ڈیزل چور ہوں،آصف علی زرداری اور ان کی بہن جیل میں رہی تو اس وقت کوئی بات نہیں کی ،لیکن اب خاموش نہیں رہوں گا،ان کا لیڈر صرف ایک سال سے جیل میں ہے تو دوسروں پر بات کررہے ہیں،جرات ہے تو آئیں میدان میں آئیں صادق آباد سے پیپلزپارٹی جیتتی ہے یا پی ٹی آئی جیتتی ہے، اگر پی ٹی آئی نے میری قیادت سے متعلق بات کی تو بھرپور جواب دوں گا۔

پینل آف چیئر مین سمیع اللہ خان نے کہا کہ سجاد احمد ایوان میں موجود نہیں ہیں لہٰذاممتاز چانگ بھی ان پر بات نہ کریں۔پنجاب اسمبلی میں حکومتی رکن نعیم صفدر انصاری نے عید الاضحی پر صفائی کے بہترین انتظامات پرقرارداد پیش کی ۔ اس دوران اپوزیشن ارکان نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر شور شرابا شروع کردیا۔پینل آف چیئر مین سمیع اللہ خان نے کہا کہ جس وقت ستھرا پنجاب کی قرارداد منظور کی اس وقت کسی نے قرارداد کی مخالفت نہیں کی۔

صوبائی وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن وقت پر کھڑی نہیں ہوئی ،ووٹنگ کروا کر اپوزیشن کا شوق پورا کر لیں۔اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے کہا کہ اسمبلی کارروائی کو بلڈوز نہ کریں ،قرارداد کے وقت ہمارے احتجاج کو سنا ہی نہیں گیا۔حکومتی رکن نعیم صفدر انصاری کی قراردادکو کثرت رائے سے منظور کرلیاگیا۔ پنجاب اسمبلی پریس گیلری کی71ارکان کے بچوں کو تعلیم، صحت عامہ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے قرارداد پیش کردی گئی۔ یہ قرار داد سپیکر آفس کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔قرارداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ پریس گیلری کمیٹی کے 71 ممبران کو صحت کی سہولیات، سپیشل گرانٹ برائے وفات، شادی، تعلیمی وظائف فراہم کئیے جائیں، پریس گیلری کمیٹی کے لئے سالانہ سپیشل گرانٹ کی فراہمی کے لئے جامع پالیسی، رولز اور قانون سازی کی جائے۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ اجب صفائی پر قرارداد پیش ہو رہی تھی تو ہم تین لوگ کھڑے ہوئے ۔پینل آف چیئر مین سمیع اللہ خان نے کہا کہ ہم بھی اپوزیشن میں رہے لیکن ایک کے ساتھ تین لوگ کھڑے ہوجاتے ہیں تو بات کیسے سنوں گا،حلفاًکہتا ہوں قرارداد پر اپوزیشن کا اعتراض نہیں سن سکا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے دوبارہ صدارت سنبھالی اور کہا کہ کرسیاں تبدیل ہوتی رہتی ہیںلیکن ہم اور آپ روایات کے امین ہیں،اپوزیشن کے شور شرابے پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے ایوان میں قرارداد دوبارہ پڑھ دی ۔

اس موقع حکومتی رکن احسن رضا نے پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی پر تنقید کی جس پراپوزیشن نے شور شرابا شروع کر دیا ۔سپیکر پنجاب اسمبلی کے کہنے پر حکومتی رکن احسن رضا نے قرار داد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو فتنہ پیدا ہوا جس کا سرغنہ آج جیل میں ہے، اس نے پاکستان میں انار کی پھیلائی ہوئی ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے عید الاضحی پر صفائی کے بہترین انتظامات سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی ۔

سپیکر نے اپوزیشن سے کہا کہ اپنے اندر حوصلہ پیدا کریںاور بات سنیں۔حکومتی رکن احسن رضا نے کہا کہ مریم نواز کا ستھرا پنجاب عیدالاضحی پر بہترین منصوبہ ثابت ہوا،ساری دنیا مریم نواز کی بہترین پالیسی کو سراہا رہی ہے،گند کی بات ہورہی ہے تو ہم نے نیب کے گند صاف کیا ، ہم آج بھی پی ٹی آئی کی حکومت کا ساڑھے چار سال کا گند صاف کررہے ہیں ، سیاسی گند کو سیاست سے صاف کررہے ہیں،پنجاب کو سیاست کو خوبصورت بنا رہے ہیں،پاکستان کو ترقی کی طرف اورپستی کی طرف لے جانے والے کون ہیں سب کو معلوم ہے ۔

ملک کو ڈیفالٹ سے کس نے بچایا ایٹمی قوت کس نے بنایا دہشتگردی کا خاتمہ کس نے پاکستان کو روشن کس نے کیا عوام اس سے اچھی طرح آگاہ ہیں، ان کاپھیلایا گند اپنے ہاتھوں سے صاف کررہے ہیں۔ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز، پولیس، لوکل گورنمنٹ، ضلعی انتظامیہ سے لے کر سب خراج تحسین نہیں انعام کے قابل ہیں،یہ صرف ایک جھلک ہے اب پنجاب یورپ بننے جا رہا ،آپ بغض نوازشریف اور مریم نواز میں مبتلا ہیں۔ سرکاری کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایوان نے پنجاب اسمبلی میں قانون تنسیخ و تنظیم نو غیر مطلوبہ کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب 2025 کا بل منظور کر لیا ، بل وزیر قانون صہیب احمد بھرت نے پیش کیا۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کااجلاس جمعہ کی دوپہر تین بجے تک ملتوی کردیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات