Live Updates

ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر بھارتی خاموشی اس کے اخلاقی دیوالیہ پن کا واضح ثبوت

ہفتہ 14 جون 2025 12:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) ایران کے خلاف اسرائیل کی ننگی جارحیت پر بھارت کی پر اسرار خاموشی اس کے اخلاقی دیوالیہ پن کا ایک واضح ثبوت ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تجزیہ کاروں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی خاموشی نے اسکے دوہرے معیار اوراخلاقی دیوالیہ پن کو پوری طرح سے بے نقاب کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے پہل نوآبادتی اقوام کے حق میں بات کرتا تھا لیکن اب وہ صرف اور صرف اپنی پسند اور ناپسند کو مدنظر رکھتا ہے اور حق و انصاف کا ساتھ دینے کے بجائے دوغلا کردار ادا کر رہا ہے۔

بھارت نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت نہیں کی اور یوں درپردہ ظالم کی صف میں کھڑا ہو گیا۔ بھارت مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے اپنے تاریخی موقف کو بھی ترک کر چکا ہے ۔

(جاری ہے)

مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت خطے پر اپنی بالادستی کے قیام کے لیے مکمل طور پر اسرائیل کا سٹریٹجک اتحادی بن چکا ہے ۔بین الاقوامی تنازعات پر بھارت کا متضاد ردعمل واضح ہے۔

جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو بھارت نے مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی بات کی اورانسانی امدادکی پیشکش بھی کی لیکن جب اسرائیل نے ایرانی سرزمین پر بلا اشتعال فضائی حملے کیے اور قیمتی انسانی جانیں ضائع کیں ، بھارت اس پر خاموش رہا ۔ مبصرین کا کہنا کہ بھارت کا یہ طرز عمل واضح طور پر اس بات کا پتہ دیتا ہے کہ وہ کسی ملک کی خود مختاری اور سالمیت کو محض اپنے مفادات کی عینک سے دیکھتا ہے۔

اسرائیل بھارت کو دوسرا سب سے بڑا ہتھیار فراہم کرنے والا ملک ہے اور دہلی اور تل ابیب کے درمیان گہرا انٹیلی جنس تعاون ہے ۔بھارت اس وقت مقبوضہ جموںوکشمیر میں بالکل اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔ اسرائیل فلسطین جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے بھارت کی خاموشی نے اسکے جارحانہ عزائم مزید واضح کر دیے ہیں، بھارت صرف اور صرف خطے پر اپنی بالادستی ، کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک اور پاکستان کے خلاف اپنے جارحانہ عزائم کی تکمیل کیلئے اسرائیل کا ساتھ دے رہا ہے ، وہ محض اپنے حقیر مفادات کی تکمیل چاہتا ہے ، اصول و ضوابط اور حق و انصاف کی اب اسکے نزدیک کوئی اہمیت نہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات