Live Updates

بجٹ امیروں نے امیروں کیلئے بنایا ہے، محمد اشرف بوزئی

بجٹ دیکھ کر لگا وزراء کے وعدے جھوٹے تھے، صرف 10 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا جس سے پورے ملک میں ملازمین میں مایوسی پھیل گئی، ایپکا رہنما

ہفتہ 14 جون 2025 22:47

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف بوزئی،سندھ ریونیو ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر سید سردارشاہ،بلدیاتی رہنما عبدالرشید بلوچ نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے ہم آپ تمام صحافی بھائیوں کے شکرگزار ہیں کہ آپ صاحبان نے اپنے قیمتی لمحات سے ہمیں نوازا۔

آج کی پریس کانفرنس کرنے کا مقصد وفاقی اور خصوصاً سندھ کی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ میں ملازمین کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی سے آگاہ کرنا ہے کیونکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ بجٹ امیروں نے امیروں کیلئے بنایا ہے۔ وفاق نے وزیراعظم سیکریٹریٹ، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی تنخواہوں و دیگر مراعات میں بے انتہا اضافہ کرکے مالی فحاشی کی مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

ایپکا کی مرکزی قیادت کے ساتھ بنائے گئے الائنس کے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کے سامنے دیئے گئے دھرنے کے بعد وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری، علی پرویز نے پوری میڈیا کے سامنے کہا کہ ملازمین کے مسائل جائز ہیں اور ہم بجٹ میں ان کی تنخواہوں میں اور دیگر الائونسز میں اضافہ کریں گے۔ لیکن بجٹ دیکھ کر لگا ان کے وعدے جھوٹے تھے۔

صرف 10 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا جس سے پورے ملک میں ملازمین میں مایوسی پھیل گئی۔ لیکن پیپلزپارٹی کے مرکزی قائدین چوہدری منظور و دیگر نے بجٹ کو مسترد کرکے 50 فیصد تنخواہوں میں اضافے کیلئے پریس کانفرنس کی تو سندھ کے ملازمین میں امید کی لہر دوڑ گئی اور ملازمین پرامید ہوگئے کہ سندھ میں پیپلزپارٹی ملازمین کو ریلیف دے گی۔ معزز صحافی بھائیو! کل صوبہ سندھ کا بجٹ وزیراعلیٰ سندھ نے پیش کیا تو سندھ کے ملازمین نے پیپلزپارٹی کی دوغلی پالیسیوں اور دوہرے چہرے کو بے نقاب ہوتے دیکھا۔

انہوں نے 12 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا جس کو سن کر ملازمین دکھ سے رو رہے ہیں کیونکہ وفاقی بجٹ کے بعد جس طرح پیپلزپارٹی کے مرکزی لیڈران پنجاب میں ملازمین کے حق میں بیانات دے رہے تھے اس سے سندھ کے ملازمین نے بڑی امیدیں لگالی تھیں۔ مگر پیپلزپارٹی کے موجودہ قائدین نے اپنے قائد کے دیئے گئے نعرے روٹی کپڑا اور مکان غریب کو دیں گے کے نعرے کو سختی سے مسترد کردیا ہے اور اس بجٹ کے ذریعے غریب کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھیننے کی کوشش کی ہے۔

لہٰذا ایپکا سندھ اور آل پاکستان میونسپل ایمپلائز فیڈریشن، آل سندھ ریونیو ایمپلائز ایسوسی ایشن، آل پاکستان لوکل گورنمنٹ یونینز فیڈریشن، سندھ سیکریٹریٹ (نان گزیٹڈ) ایمپلائز ایسوسی ایشن نے بجٹ 2025-26 کو مسترد کرتے ہوئے 19 جون بروز جمعرات کو کراچی پریس کلب سے سندھ اسمبلی تک احتجاجی ریلی اور اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ تمام رہنمائوں نے سندھ کی ٹریڈ یونینز، لیبر فیڈریشنز، ایسوسی ایشن سے اپیل کی کہ وہ یکجہتی کا اظہار کریں اور دھرنے میں شامل ہوں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات