Live Updates

بھارتی وزیر خارجہ نے عالمی توجہ کو مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی مذموم کوشش کی ہے،چوہدری نعیم اختر

پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر پر حالیہ حملے اور نئی جارحیت کی دھمکی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے

اتوار 15 جون 2025 14:55

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگا کر اور پاکستان پر نیا حملہ کرنے دھمکی دے کر عالمی توجہ کو مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی مذموم کوشش کی ہے انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر پر حالیہ حملے اور نئی جارحیت کی دھمکی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اصل مسئلہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور دہائیوں سے التواء میں پڑا ہوا مسئلہ کشمیر کا تنازع ہے۔پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کے بارے میں اپنا پرانا راگ الاپ رہا ہے،جس کی کوئی حقیقت نہیں اصل موضوع کشمیریوں پر بھارتی ظلم وجبر اور بھارتی ریاستی دہشت گردی ہے اور بھارت کی طرف سے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے سے انکار ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے مابین کوئی دو طرفہ معاملہ یا علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ بھارت نے کشمیری عوام سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا تھا،جو آج تک پورا نہیں کیا گیا۔اس مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے تا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اپنے وعدے کو پورا کرے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرے۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کئی سیاسی رہنما?ں اور کارکنوں کو جبراً نظربند یا قید کیا گیا ہے، جبکہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور ان میں سے بھی متعدد زیرحراست ہیں۔قابض بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیاں اور ماورائے عدالت قتل روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ''بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے جھوٹ بول رہا ہے۔اگر بین الاقوامی ادارے سچ جاننا چاہتے ہیں تو انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنی تحقیقی ٹیمیں بھیجنی چاہیے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو مقبوضہ جموں وکشمیر تک غیرمشروط رسائی دی جانی چاہیے۔'' انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا موقف حق اور سچ ہے اور ان کی جدوجہد یقیناً کامیاب ہو گی۔بھارت کی جانب سے نئی جنگی دھمکیوں کے حوالے سے انھوں نے خبردار کیا کہ ''بھارت کو نئی جنگ کے بارے میں دھمکی سے باز آنا چاہیے، کیونکہ اگر ایک بار پھر تصادم ہوا تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات