Live Updates

مقبوضہ کشمیر،بھارتی فورسز چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے لگیں

ْ اقوام متحدہ کے نمائندے، قانونی ماہرین کا مسلمانوں کے تحفظ میں ناکامی پر بھارت پر تنقید

اتوار 15 جون 2025 17:55

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کشمیریوں کو گرفتار اور ہراساں کیلئے چادر اور چار دیواری کا تقدس بری طرح پامال کر رہی ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز اہلکاروں نے ضلع پونچھ کے علاقے گگریاں-سوجیاں میں محاصرے اور تلاشی کی ایک بڑی کارروائی کے دوران گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کیا اور انکے موبائل فون ضبط کر لیے۔

اگر فون کے مالک کو آزاد کشمیر یا پاکستان میں اپنے کسی عزیز رشتہ دار کی کوئی کال یا پیغام موصول ہوا ہو تو اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ لوگ اب ڈر اور خوف کی وجہ سے پاکستان اور آزاد کشمیر میںاپنے عزیزاقربا سے رابطہ کرنے سے گریز کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء اقوام متحدہ کے ایک عہدیدار اور انسانی حقوق کے ممتاز وکلاء نے پہلگام حملے کے بعد مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی پر بھارتی حکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بنایاہے اور اسے مذہبی اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک اور تشدد کی ایک وسیع مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔

اقلیتی امور کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے پروفیسر نکولس لیورٹ نے امریکی کانگریس کی بریفنگ میں کہا کہ بھارت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے پہلگام حملے کے چند دنوں کے اندر اندر 184مسلم دشمن نفرت انگیز واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا تشدد اورامتیازی سلوک ایک منظم منصوبے کی عکاسی کرتا ہے۔

اس موقع پر بھارتی سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے کہا کہ حکمران بی جے پی حکومت نے پہلگام واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا۔ پروفیسر اپوروانند نے کہا کہ حکومت مسلمان ماہرین تعلیم اور مفکرین کو خاموش کرنا چاہتی ہے۔معروف مصنفہ سچترا وجین نے امریکی ارکان کانگریس کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسماری مہم کی طرف مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مسماری مہم کے دوران کشمیریوں کے دوہزارسے زائد مکانات مسمار کیے گئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات