Live Updates

‘پاکستان مسلم ممالک کو متحد کرنے کا بیڑا اٹھائے اور فرنٹ سے لیڈ کرے تاکہ اسرائیل کی بربریت اور بدمعاشی کو بزور بازو روکا جا سکے

پاکستان نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھل کر ایران کی حمایت کا اعلان کرکے مسلم ممالک کو جرات تازہ عطا کی ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

اتوار 15 جون 2025 20:10

ڑ*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2025ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ مشرق وسطٰی میں طویل ہولناک تباہی پھیلانے اور ہمسایہ ممالک کو تہہ تیغ کرنے کے بعد امریکی مدد سے اسرائیل نے خطے کے طاقتور ملک ایران کی جانب رخ کر لیا ہے خطے کے تمام مسلمان ممالک فروعی اختلافات میں الجھے ہوئے ہیں اور ان کے پاس اسرائیل کی جارحیت سے نمٹنے کا کوئی لائحہ عمل نہیں فلسطین، لبنان، شام کی اینٹ سے اینٹ بجانے کے بعد بڑی ڈھٹائی کے ساتھ اسرائیل ایران پر حملہ آور ہو چکا ہے مشرق وسطیٰ کے طاقتور ممالک اسرائیل کے سامنے کھڑے ہونے کی بجائے اسکے ممد و معاون بنے ہوئے ہیں۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ مسلم ممالک کے اختلافات اور نفاق کی وجہ سے اسرائیل ایک ایک کر کے انہیں نشانہ بناتا جا رہا ہے پاکستان نے بجا طور پر ایران کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر کے خطے کے دیگر مسلم ممالک کو بھی ایران کا ساتھ دینے کا راستہ دکھایا ہے اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان ممالک اسرائیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں اور نشانہ بننے والے خطے کے ہر ملک کا ساتھ دیں مسلم حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے مسلم ممالک کی بقا کی واحد ضمانت باہمی اتفاق و اتحاد اور اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ہے پاکستان بھارت کو بد ترین شکست دے کر ایک مسلمہ حقیقت بن کر ابھرا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ پاکستان نے جرآت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کی حمایت کا اعلان کیا ہے پاکستان نے کھلے الفاظ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرکے مسلم ممالک کو اسرائیل کی مخالفت کرنے کی جرات عطا کی ہے مسلم ممالک کے حکمرانوں کے بزدلانہ طرز عمل کی وجہ سے اسرائیل خطے کا منہ زور بدمعاش بن چکا ہے بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستان کے عالمی وقار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ایک طاقتور عسکری قوت بن کر ابھرا ہے دنیا انکی قائدانہ صلاحیتوں کو تسلیم کرتی ہے حکومت اور عسکری قیادت ملکر مسلم دنیا کو لیڈ کرکے اس میں نئی روح پھونک سکتے ہیں اس لئے پاکستان مسلم ممالک کو متحد کرنے کا بیڑا اٹھائے اور فرنٹ سے لیڈ کرے تاکہ اسرائیل کی بربریت اور بدمعاشی کو بزور بازو روکا جا سکی. اپنی باوقار بقا کی خاطر مسلمان ممالک کو یکجا ہو کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات