Live Updates

پیپلزپارٹی کا وفاقی حکومت سے سولر پینل پر ٹیکس ختم کرنے اور تجویز کو واپس لینے کا مطالبہ

سندھ حکومت نے بجٹ میں غریب لوگوں کیلئے سولر پینل کی رقم رکھی ہے لیکن حکومت نے اس پر ٹیکس لگا دیا جس کا اثر سندھ حکومت پر بھی پڑے گا، پیپلزپارٹی کی رکن قومی شازیہ مری کا قومی اسمبلی میں خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 17 جون 2025 14:05

پیپلزپارٹی کا وفاقی حکومت سے سولر پینل پر ٹیکس ختم کرنے اور تجویز کو ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جون 2025) پاکستان پیپلز پارٹی کا وفاقی حکومت سے سولر پینل پر ٹیکس ختم کرنے اور اس تجویز کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ، سندھ حکومت نے اپنے بجٹ میں غریب لوگوں کیلئے سولر پینل کی رقم رکھی ہے لیکن وفاقی حکومت نے اس پر ٹیکس لگا دیا جس کا اثر سندھ حکومت پر بھی پڑے گا،قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے مطالبہ کیا کہ سولر پینل پر ٹیکس ختم کیا جائے اور اس تجویز کو واپس لیا جائے۔

ای کامرس کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔شازیہ مری کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاق نے سندھ کو کالونی سمجھ رکھا ہے، پی ڈبلیو ڈی کے منصوبے پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا حکومت کو دے دئیے گئے لیکن سندھ حکومت کو ٹرانسفر کیوں نہیں کئے گئے؟ کیا وفاقی حکومت اب صوبائی حکومت کے اختیارات استعمال کرے گی؟ کراچی کسی کے باپ کا نہیں سندھ کا ہے اور سندھ کا رہے گا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کی رہنماء شازیہ مری کے خطاب کے دوران ایم کیو ایم پاکستان نے اراکین نے احتجاج کیا۔ایم کیو ایم اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا، حکومتی اتحادی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئے، ایم کیو ایم اراکین نے ایوان میں نعرے بازی کی تو ڈپٹی اسپیکر ان کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کی۔اراکین نے کہا کہ شازیہ مری سندھ کے ساتھ کراچی کی بھی بات کریں۔

پیپلز پارٹی کراچی پر بات کرنے سے کیوں کتراتی ہے؟۔ شازیہ مری نے ان کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ نے سندھ کو اپنی کالونی سمجھا ہے؟ آپ کا جب دل کرتا ہے سندھ کے ساتھ زیادتی کرتے ہیں، سندھ کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔رہنماء پیپلزپارٹی شازیہ مری کایہ بھی کہنا تھا کہ کراچی، میرپور خاص اور حیدرآباد کو الگ کیوں کیا جا رہا ہے؟ یہ بہت غلط ہے آپ یہ نہیں کر سکتے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کاکہناتھاکہ سولر پینلز پر 18فیصد ٹیکس عائد کیا گیا تو پیپلز پارٹی بجٹ کو سپورٹ نہیں کریگی۔ یہ تمام منصوبے درست نہیں ہوئے تو پیپلزپارٹی وفاقی بجٹ کی حمایت نہیں کریگی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہناتھا سندھ کو وفاق کے ذریعے نہیں چلایا جاسکتا، پہلے بھی بہت کوششیں ہوئیں اب بھی نہیں ہوسکتا۔انہوں نے یہ بھی کہا تھااس مرتبہ ہم نے وفاق سے کافی پیسے لئے تھے۔ ہم وفاق میں اتحادی نہیں، ہم ن لیگ کو نہیں۔ وفاقی حکومت کو سپورٹ کر رہے تھے۔ ہم نے وفاق کوبتایا کہ پچھلے دس سال میں کم حصہ ملا، ہم نے اپنا کیس بنایا کہ باقی صوبوں کے برابر تو دیں، اس بنیاد پر ہمیں 86 ارب روپے وفاق سے ملے تھے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات