فوج آئین و ریاستی احکامات کے تحت فرائض بخوبی سر انجام دے رہی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان کی افواج منظم اور پیشہ ور افواج ہیں، پاکستان نے ہمیشہ امن کو جنگ پر فوقیت دی ہے، آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی امن کی جیت ہے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کی طلباء سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 19 جون 2025 14:13

فوج آئین و ریاستی احکامات کے تحت فرائض بخوبی سر انجام دے رہی ہے، ڈی ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون 2025ء ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ فوج آئین کے تحت اور ریاستی احکامات کے مطابق فرائض بخوبی سر انجام دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کی سیلانی آئی ٹی پروگرام کراچی کے طلباء کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی، طلباء کی جانب سے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پُرجوش استقبال کیا گیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، نشست کے موقع پر طلباء نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے پاکستان کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی امن کی جیت ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کو جنگ پر فوقیت دی ہے، پاکستان کی افواج منظم اور پیشہ ور افواج ہیں، جو آئین کے تحت اور ریاستی احکامات کے مطابق اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہی ہیں، پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

مسلح افواج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ طلباء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ نشست کو سراہا، انہوں نے نشست کے لیے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے انٹریکشن ہوں، پاک افواج ہماری پہچان ہیں اور ہم عوام ہی ان کی اصل طاقت ہیں۔