Live Updates

مدھیہ پردیش کے ضلع رئیسین میں ہندو توا غنڈوں کے ہاتھوں مسلمان نوجوان قتل

جمعرات 19 جون 2025 17:07

بھوپال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع رئیسین میں ہندو توا غنڈوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے ایک مسلم نوجوان جنید قریشی کے غمزدہ والدنے دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹے کا قصور کیا تھا ، اگر وہ گائے لے جارہا تھا تو تحقیقات کیوں نہیں کی گئیں ، غنڈوں کو اسے مارنے کا حق کس نے دیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع رئیسین کے گائوں مہر کے رہائشی مقتول جنید کے والد نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم کس قسم کے ملک میں رہ رہے ہیں ، میرا بیٹا ایک محنت کش تھا، اگر وہ واقعی گائیں لے جارہا تھا ، تب بھی قانون موجود ہے ، تفتیش کی جاتی لیکن ہجوم کو یہ کس نے حق دیا کہ وہ اسے مار ڈالے،جنید قریشی دودھ کا کاروبار کرتا تھا،5جون کی نصف شب کو وہ اپنے ساتھی ارمان کے ساتھ گاڑی میں مویشی کہیں منتقل کر رہا تھا کہ اس دوران 25 کے قریب ہندو توا غنڈوں نے انکی گاڑی روک کر ان پر حملہ دیا۔

(جاری ہے)

ان نام نہاد گائو رکھشکوں نے جنید اور ارمان کو بے رحمی سے مارا پیٹا اور ان سے تقریبا دو لاکھ روپے بھی چھین لیے۔بعد میں پولیس نے جنید اور ارمان کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جہاں جنید کئی دن وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد چل بسا جبکہ ارمان تاحال زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے ۔یہ تازہ ترین واقعہ اس بات پر ایک مرتبہ پھر سوال کھڑا کرتا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ کب رکے گا اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کب کارروائی ہو گی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات