بلاول بھٹو کی زیر قیادت عالمی سفارتی مشن کے موقع پر پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر سب نے تسلیم کیا ،سید مرادعلی شاہ

جمعرات 19 جون 2025 19:58

بلاول بھٹو کی زیر قیادت عالمی سفارتی مشن کے موقع پر پاکستان کے موقف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت عالمی سفارتی مشن کے موقع پر پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر سب نے تسلیم کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، برسلز سمیت دیگر ممالک میں پاکستان کے سفارتی وفد کی قیادت میں جاکر جو کامیابی حاصل کی ہے اس کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔

جمعہ کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب سفارتی دورے پر کراچی واپسی پر ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقدہ کراچی ڈویژن کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اجلاس میں وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی، جاوید ناگوری، کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی و سینیٹرز، تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز، زیلی ونگز کے صدور و جنرل سیکرٹریز، پیپلز پارٹی کے ٹائونز چیئرمینز و دیگر شریک ہوئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آج ہمارے مخالفین بھی اس بات پر اتفاق کرتے ہیں کہ وزیر اعظم کے لئے اگر کوئی حقیقی امیدوار ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت عالمی سفارتی مشن کے موقع پر پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر سب نے تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو دنیا کے سامنے درست سمت لانے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کامیاب ہوئے ہیں۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہمیں اپنے محبوب چیئرمین کا کراچی پہنچنے پر اتنا شاندار استقبال کرنا ہے کہ دنیا اور پاکستان کے عوام کو معلوم ہو کہ عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو بلند کرنے والوں کو عوام اس طرح خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، برسلز سمیت دیگر ممالک میں پاکستان کے سفارتی وفد کی قیادت میں جاکر جو کامیابی حاصل کی ہے اس کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا بھی ایک وفد گیا تھا لیکن وہ کہی نظر نہیں آیا۔ جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جانے والے وفد نے موثر انداز میں پاکستان کا موقف عالمی دنیا کے سامنے پیش کیا، یہی وجہ تھی کہ امریکی صدر نے چیف آف آرمی اسٹاف کو امریکہ میں ظہرانے پر بلایا تھا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں اپنے چیئرمین کا جمعہ کے روز ایسا استقبال کرنا ہے کہ دنیا اس کو دیکھے۔ وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مرہون منت پاکستان کی عالمی دنیا میں پزیرائی حاصل ہوئی ہے۔ کل کراچی کے تمام اضلاع سے لوگ جلوس کی شکل میں اولڈ ٹرمینل پر اپنے محبوب چیئرمین کا استقبال کرنے پہنچیں گے اور یہ استقبال ہمیں ہماری شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی واپسی کی یاد کو بھی تازہ کرے گا۔