مولانا فضل الرحمن سے سردار ایاز صادق کی ملاقات ،ایران اسرائیل کشیدگی، وفاقی بجٹ ،قومی یکجہتی امور پر تبادلہ خیال

دونوں رہنماؤں کا جمہوری روایات کے فروغ، قومی یکجہتی کے استحکام ،خطے میں پائیدار امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

جمعرات 19 جون 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ اور خطے میں ایران اسرائیل جنگ کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے ایران اسرائیل جنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد، یکجہتی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ خطّے میں امن کی کوششیں کمزور نہ ہوں۔

‘‘ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو عالمِ اسلام کے اندر مصالحتی کردار ادا کرنے کے لیے اپنی سفارتی کاوشیں مزید تیز کرنا چاہئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ ’’پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کی ہے اور ایران کے ساتھ دوستی و یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ ہم نے فلسطین اور ایران کے حوالے سے اپنا مؤقف ہر عالمی فورم پر مؤثر انداز میں پیش کیا ہے، اور پارلیمنٹ اس موقف کے مکمل طور پر پیچھے کھڑی ہے۔

‘‘ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں یک زبان ہو کر عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسی کو تقویت دینا چاہیے۔ملاقات میں وفاقی بجٹ 2025-26 پر بھی تبادلہ? خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے چھوٹے صوبوں کی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی فلاحی منصوبوں کے لیے بجٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار بجٹ تجاویز کے سلسلے میں پارلیمانی کمیٹیوں کو زیادہ فعال کیا گیا ہے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مثبت آرائ کو بجٹ میں شامل کیا جا سکے۔

مولانا فضل الرحمن نے سپیکر کو فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے جمہوری روایات کے فروغ، قومی یکجہتی کے استحکام اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔