Live Updates

چار روزہ قومی کراٹے چیمپئن شپ خیبرپختونخوا کے پر فضا مقام ایبٹ آباد میں شروع ہوگئی

جمعہ 20 جون 2025 21:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) چار روزہ قومی کراٹے چیمپئن شپ خیبرپختونخوا کے پر فضا مقام ایبٹ آباد میں شروع ہوگئی۔ چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد،،پاک آرمی،واپڈا،پولیس،ریلوے اور ایچ ای سی کی میل و فیمیل ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان سید فخرجہان نے فیتہ کاٹ کر چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان نے ایبٹ اباد امد پر صوبائی وزیر کھیل کا خیر مقدم کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان،پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئر مین محمد جہانگیر اور سیکرٹری عندلیب سندھو،آر ایس او ہزارہ احمد زمان،خیبر پختونخوا کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر خورشید خان،سینئر نائب صدر خالد نور،سیکرٹری عاصم قریشی،ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس جمشید بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان کراٹے فیڈریشن کے زیر اہتمام ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا اور خیبر پختونخوا کراٹے ایسوسی ایشن کے اشتراک سے قومی کراٹے چیمپئن شپ کے یہ چار روز ہ مقابلے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر 1 ایبٹ آباد میں شروع ہوگئے۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر کھیل و آمور نوجوانان نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور صوبائی حکومت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے ویژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کھیل میں باصلاحیت مرد و خواتین کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کر سکیں۔سید فخر جہا ن نے کہا کہ اگست کے مہینے میں وادی سوات میں سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف گیمز کے ریجنل اور قومی مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ اس کے بعد ہزارہ گیمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس چیمپئن شپ میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کو زیادہ تعداد میں دیکھ کر خوشی ہوئی اور اس میں کوئی شک نہیں کہ بلوچستان میں مارشل آرٹ کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں،افیشلز اور کھیل کے ججز کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہر سال اسطرح کے سپورٹس ایونٹس کی میزبانی کریں تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے مواقع فراہم ہوسکیں اور وہ صوبے سمیت ملک کا نام بھی بین الاقوامی سطح پر روشن کریں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو دو لاکھ،دوسری کو ایک لاکھ اور تیسری پوزیشن والی ٹیم کو 75 ہزار روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس خیبرپختونخوا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ بنیادی انفراسٹرکچر سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں مردو خواتین کھلاڑیوں کو کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہیے ہیں۔افتتاحی تقریب کے اختتام پر سید فخر جہان نے کراٹے چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مرد و خواتین کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات