Live Updates

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا دنیا بھر کے پناہ گزینوں، خصوصاً فلسطین، مقبوضہ کشمیر، شام، افغانستان اور دیگر شورش زدہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار

جمعہ 20 جون 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے دنیا بھر کے پناہ گزینوں، خصوصاً فلسطین، مقبوضہ کشمیر، شام، افغانستان اور دیگر شورش زدہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جنگ، قبضے، نسل کشی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے لاکھوں افراد کو اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور ہونا انسانیت کے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان پناہ گزینوں کی حالت زار کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرےانیوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر مظالم انسانیت کے خلاف جرم ہیں ،سید یوسف رضا گیلانی نے خاص طور پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت اور جبری ہجرت کو "انسانیت کے خلاف سنگین جرم" قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہتے اور معصوم فلسطینیوں کو طاقت کے بل پر ان کی زمینوں سے بے دخل کرنا عالمی ضمیر کے لیے ایک کڑا امتحان ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور فلسطینیوں کو باعزت واپسی اور آزادی کا حق دلوائیں،چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ انسان دوستی، بھائی چارے اور وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کو دہائیوں تک پناہ دی، اور آج بھی ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے اس موقع پر اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ دنیا بھر میں موجود پناہ گزینوں کی بحالی، تحفظ اور ان کی باوقار واپسی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔پاکستان عالمی سطح پر پناہ گزینوں کے حقوق کی آواز بلند کرتا رہے گا،چیئرمین سینیٹ نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی تمام بین الاقوامی فورمز پر پناہ گزینوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا اور مظلوموں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات