ملک میں آئین و قانون کی عدم بالادستی مسائل کی جڑ ہے، اسلم فاروقی

ہفتہ 21 جون 2025 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی عدم بالادستی تمام مسائل کی جڑ ہے اور اب وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے بانی پی ٹی آئی سے متعلق حالیہ بیان سے بھی صاف ظاہر ہوگیا ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات 14مئی کو کرانے کے سپریم کورٹ کے حکم کی دھجیاں اڑانے والے نہ صرف آزاد گھوم رہے ہیں بلکہ حکومت کے مزے لوٹ رہے ہیں اور ملک کے سب سے بڑے قانون آئین پاکستان کا جنازہ نکال رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائنز ایریا میں ایم کیو ایس سی کے ڈپٹی سیکریٹری کی دعوت پر محب قوم کے نوجوانوں سے ملاقات کے دوران کیا اسلم خان فاروقی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات 14 مئی کو کرانے کا حکم آج بھی موجود ہے جس کی توہین و خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک دن ضرور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک میں انصاف کا اعلی معیار ہوگا اور پاکستان کے قیام کے لیے عظیم قربانیاں دینے والے ہمارے بزرگوں کی بے چین روحوں کو قرار ملے گا۔