Live Updates

روس کے کییف پر بڑے ڈرون اور میزائل حملے، سات افراد ہلاک

DW ڈی ڈبلیو پیر 23 جون 2025 19:40

روس کے کییف پر بڑے ڈرون اور میزائل حملے، سات افراد ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 23 جون 2025ء) یوکرینی دارالحکومت کییف سے پیر 23 جون کو موصولہ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ شب روس نےیوکرین کے مختلف علاقوں میں درجنوں ڈرون اور میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں صرف دارالحکومت کییف میں ہی سات افراد ہلاک ہو گئے۔

یہ تازہ ترین روسی حملے دراصل تین سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے براہ راست دوطرفہ مذاکرات کے سلسلے میں تین ہفتے کے توقف کے دوران کیے گئے۔

کییف اور ماسکو کے مابین جنگ بندی کی سفارتی کوششوں کا سلسلہ قریب تین ہفتے قبل ہونے والی براہ راست ملاقاتوں کے بعد سے رکا ہوا ہے۔

صدر زیلنسکی کا بیان

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ تازہ روسی حملوں میں چھ افراد کییف میں ہلاک ہوئے جبکہ ایک اور شخص دارالحکومت کے باہر بیلا سیرکوا میں ہلاک ہوا۔

(جاری ہے)

صدر زیلنسکی نے کہا کہ ان حملوں کے دوران روس نے یوکرین کی طرف ایرانی ڈیزائن کردہ ڈرونز سمیت 352 ڈرونز اور 16 میزائل داغے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی نوعیت کا جنگی گولہ بارود ماسکو کو شمالی کوریا نے بھی فراہم کیا تھا۔

صدر زیلنسکی کا مزید کہنا تھا، ''روس، ایران اور شمالی کوریا کے پڑوسی ممالک میں ہر ایک کو یہ سوچنا چاہیے کہ اگر قاتلوں کا یہ اتحاد برقرار رہتا ہے اور اپنی دہشت پھیلاتا رہتا ہے، تو کیا ایسے ہمسایہ ممالک اپنے ہاں انسانی جانوں کی حفاظت کر سکتے ہیں۔

‘‘

یوکرینی صدر کا دورہ برطانیہ

صدر زیلنسکی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ آج پیر 23 جون کو برطانیہ کا ایک دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ یوکرین کے شراکت داروں کے ساتھ دفاعی امور اور روس پر پابندیوں سے متعلق بات چیت کریں گے۔ برطانیہ کییف حکومت کے قریب ترین اتحادیوں میں سے ایک ہے۔ صدر زیلنسکی کا برطانیہ کا آج کا دورہ رواں ہفتے کے اواخر میں دی ہیگ میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہی اجلاس سے کچھ ہی پہلے ہو رہا ہے۔

صدر زیلنسکی کی دی ہیگ میں نیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کی خبر کو زیادہ ہوا نہیں دی جا رہی، جس کا مقصد ان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کسی قسم کے سفارتی تصادم سے بچانا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی یوکرینی جنگ

امریکہ کے ریپبلکن سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ صدارتی منصب سنبھالنے کے بعد سے مغربی ممالک کے روس اور یوکرین کی جنگ کے بارے میں رویے کو یکسر بدلنے کی کوشش کرتے ہوئے کییف کو پیچھے چھوڑا اور روس کے ساتھ قریبی تعلقات کے لیے دروازے کھول دیے۔

یوکرین پر تازہ ترین روسی حملے دراصل کییف پر ایک ہفتے سے بھی کم عرصہ قبل کیے گئے ان حملوں کے بعد کیے گئے ہیں، جن میں 28 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تازہ ترین روسی حملے یوکرینی افواج کے کمانڈر ان چیف سِرسکی کی طرف سے روس پر حملوں کو تیز تر کر دینے کے عزم کے اظہار کے بعد کیے گئے۔

ادارت: مقبول ملک

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات