روح اللہ مہدی کا شبیر شاہ کوباوقار طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

بدھ 25 جون 2025 19:13

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)سرینگر سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا سید روح اللہ مہدی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں باوقار طبی دیکھ بال فراہم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق روح اللہ مہدی نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے نام ایک خط میں شبیر احمد شاہ کوملکی اور بین الاقوامی قانون کے مطابق فوری اور باوقار طبی نگہداشت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ کو ان کے اہل خانہ سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے اور یکم مئی 2025کو ہسپتال میں ملاقات کے دوران انہیںہراساں کرنے اور ان کے ساتھ توہین آمیز سلوک کے الزامات سامنے آئے ہیں جبکہ انہیں شبیر شاہ کے میڈیکل ریکارڈ تک بھی رسائی نہیں دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

70سالہ حریت رہنما جو 2017سے جیل میں نظربند ہیں، جان لیوا پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق انہیں کم از کم تین سرجریوں کی ضرورت ہے۔

روح اللہ مہدی نے بین الاقوامی معاہدوں، اقوام متحدہ کے نیلسن منڈیلا رولز اور یہاں تک کہ بھارت کے اپنے آئین کے تحت بھارت کی ذمہ داریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ قیدیوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہیے اوران کے ساتھ عزت اور انسانیت کا سلوک کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے گوتم نولکھا جیسے زیر سماعت قیدیوں کو طبی بنیادوں پر گھر میں نظربند کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ شبیر شاہ کو بھی اس طرح کی سہولت کیوں نہیںدی جاسکتی انہوں نے اس کیس کو بھارت کے لیے اخلاقی اور انسانی امتحان قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ شبیر شاہ کو مناسب طبی سہولت فراہم کی جائے اور ان کے اہلخانہ کو تمام متعلقہ فیصلوں میں شامل کیا جائے جس کی قانون میں اجازت ہے۔