چارجنگ پلانٹس لگانے والے سرمایہ کاروں سے مکمل تعاون کریں گے، سید ناصرحسین شاہ

بدھ 25 جون 2025 22:13

چارجنگ پلانٹس لگانے والے سرمایہ کاروں سے مکمل تعاون کریں گے، سید ناصرحسین ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء) صوبائی وزیر توانائی و منصوبہ بندی سیدناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں مینوفیکچرنگ اور چارجنگ پلانٹس میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی ۔صوبائی وزیر نے اپنے چیمبر میں چیئرمین ملک گروپ اور کنوینرایف پی سی سی آئی انرجی کمیٹی ملک خدا بخش سے ملاقات میں کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو ذرداری کے وژن کے مطابق ماحول دوست انرجی کے منصوبوں کو پروموٹ اور سپورٹ کررہے ہیں، الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن کے لئے سرکاری جگہوں کو استعمال میں لایا جائے گا۔

ملاقات میں انرجی اپ ڈیٹ کے نعیم قریشی بھی موجود تھے۔سیدناصرحسین شاہ نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ میں نئی تعمیر ہونے والی عمارتوں میں الیکٹرک چارجنگ کی سہولت کو لازمی قرار دیا گیا ہے اورپورے صوبے کے بڑے شہروں میں الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے، شہر سے باہر جانے والوں کی سہولت کے لئے ہر تیس سے چالیس کلومیٹر پر الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن قائم ہونگے اور جو بھی ماحول دوست انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرے گا انہیں حکومت کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔

(جاری ہے)

سیدناصرحسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ماحول دوست منصوبوں کے لئے اسپیشل فنڈ رکھے جارہے ہیں اور ایسے ماحول دوست منصوبوں کو سندھ حکومت مکمل سہولت فراہم کررہی ہے۔ ملاقات میں ملک خدا بخش نے صوبائی وزیر توانائی و منصوبہ بندی کہ انکے گروپ نے چائنا کے تعاون سے مینوفیکچرنگ، چارجنگ پلانٹس کیلئے 340 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شروع کردی ہے اورچائنا کی کمپنی اے ڈی این گروپ کے تعاون سے کراچی اور لاہور سمیت پاکستان بھر میں چارجنگ اسٹیشنز لگائے جائیں گے۔

ملک خدا بخش نے صوبائی وزیرتوانائی ناصرحسین شاہ کی کوششوں اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اگر چینی کمپنی پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں بنا ئے گی تو سندھ حکومت کراچی میں لگنے والے پلانٹ سے 20 فیصد سے زائد گاڑیاں اپنے لئے خریدے گی، ہم مینوفیکچرنگ اور چارجنگ پلانٹس پر کام کررہے ہیں۔ملک خدا بخش نے سندھ حکومت کی جانب سے صوبے کی ورکنگ ویمن کو الیکٹرک موٹر سائیکل فراہم کرنے پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اوروزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔