Live Updates

پیپلز پارٹی بجٹ کی مکمل حمایت کرتی ہے، بجٹ کی منظوری میں بھرپور ساتھ دے گی، بلاول بھٹو زرداری

جمعرات 26 جون 2025 18:27

پیپلز پارٹی بجٹ کی مکمل حمایت کرتی ہے، بجٹ کی منظوری میں بھرپور ساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ میں پیپلز پارٹی کی تجاویز اور سفارشات تسلیم کرنے پر وزیراعظم، وزیر خزانہ اور حکومتی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بجٹ کی مکمل حمایت کرتی ہے اور بجٹ کی منظوری میں بھرپور ساتھ دے گی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں علی محمد خان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے بجٹ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی تجاویز اور سفارشات مان لی ہیں، اس لئے ہم بجٹ کی مکمل حمایت کرتے ہیں، موجودہ حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں 20 فیصد اضافہ کر دیا ہے، اس کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت میں اس پروگرام کو ہمیشہ کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافے کے حوالے سے ہمیشہ مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی کی تجاویز کو تسلیم کیا ہے اب 12 لاکھ تک تنخواہ لینے والوں پر ٹیکس کی شرح میں کافی کمی کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں ہمارے مطالبے پر سولر پینلز پر ٹیکس کی شرح میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایف بی آر کو گرفتاریوں کے اختیارات دینے کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی ترمیم کی بھی حکومت نے حمایت کر دی ہے، اب گرفتاری صرف سیلز ٹیکس فراڈ میں ہو گی اور یہ جرم قابل ضمانت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بجٹ پر جو اعتراضات کئے ہیں اس پر ہم نے مثبت سیاست کی اور اپنا کردار ادا کیا۔ ہم حکومت، وزیراعظم اور وزیر خزانہ کے بھی مشکور ہیں کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے مطالبات کو تسلیم کیا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات