پاکستان اور موزمبیق کے درمیان تجارتی روابط بڑھنے سے معیشتوں کو فائدہ پہنچے گا،وزیراعلیٰ سندھ

پاکستانی برآمد کنندگان اور سرمایہ کار افریقی منڈیوں بالخصوص موزمبیق میں مواقع تلاش کریں،شیخ خالدتواب

جمعرات 26 جون 2025 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے موزمبیق کی آزادی کے 50سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور موزمبیق کے درمیان تجارتی روابط میں اضافے سے معیشتوں کو فائدہ پہنچے گا،دونوں ممالک کے سرمایہ کار دوطرفہ سرمایہ کاری اور تجارتی مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ شب اعزازی قونصل جنرل موزمبیق شیخ خالدتواب کی شیخ خالد تواب کی رہائش گاہ پر انکی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ تقریب میں موزمبیق کی آزادی کی50ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب صوبائی وزراء سعید غنی اور ناصر حسین شاہ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، سی سی پی او کراچی جاوید عالم اوڈھو، سابق چیئرمین سینیٹ میاں محمد سومرو، سابق گورنر سندھ ا ورسابق وفاقی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے صاحبزادے زید کامران ٹیسوری، معروف سرمایہ کار عارف حبیب، جہانگیر صدیقی، بشیر جان محمد، دیوان یوسف فاروقی، زبیر طفیل، ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر ثاقب فیاض مگوں،سید مظہر علی ناصر،سلطان چائولہ،عبداللہ ذکی،رضوان جعفرانی،نسیم اللہ والا، زاہد مظہر، اکرام راجپوت، سیکریٹری ٹی ڈیپ شہریار تاج ،سعدتوب،عبدالسمیع خان،ملک خدا بخش،احمدتواب،دانش خان،زبیرحبیب،شیخ عمرریحان،طارق حلیم،محمدتیمور حلیم،احمدشاہ،ندیم احمدکشتی والا،انجینئرداروخان اچکزئی،احمدچنائے،اشتیاق بیگ،حاجی مسعودپاریکھ، خواجہ قطب،مختلف بینکوں کے صدور ،جاپان،ترکی،عمان،افغانستان،، انڈونیشیا، ایران، قطر اور سری لنکا کے قونصل جنرلز،متعدد سفارتی شخصیات بھیموجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر موزمبیق کے پیغام کو سراہتے ہوئے موزمبیق کے عوام اور حکومت کو اس تاریخی موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور پاکستان و موزمبیق کے مابین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے دوران ابراہیم تواب نے صدرِ موزمبیق کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں عالمی امن، ہم آہنگی اور بین الاقوامی تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا، اور دنیا بھر میں موجود موزمبیق کے شہریوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی گئی۔

شیخ خالد تواب جو 1988 سے پاکستان میں موزمبیق کے آنریری قونصل جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ،نے اپنے خطبہ ا ستقبالیہ خطاب میں شیخ خالد تواب نے دونوں ممالک کے مابین تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کو افریقی منڈیوں بالخصوص موزمبیق میں مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ موزمبیق کی حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ٹیکس چھوٹ، کم قیمت بجلی اور سستی صنعتی زمین جیسی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔تقریب پاکستان اور موزمبیق کے درمیان دوستی اور سفارتی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔