سینیٹر روبینہ خالد کی فریال تالپور سے زرداری ہائوس میں ملاقات

ملاقات میں سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے موجودہ اقدامات، اصلاحات اور نئی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی

جمعرات 26 جون 2025 21:10

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے جمعرات کو پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی مرکزی صدر، رکنِ صوبائی اسمبلی محترمہ فریال تالپور سے زرداری ہائوس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے موجودہ اقدامات، اصلاحات اور نئی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والے بے نظیر ہنر مند پروگرام کے افتتاح سے بھی آگاہ کیا، جو ملک کی تاریخ میں مستحق خواتین اور ان کے اہلِ خانہ کی معاشی بااختیاری کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔ملاقات کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے حالیہ دورہ سندھ کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ سندھ میں بی آئی ایس پی کے مختلف پروگرامز جیسے بینظیر کفالت، تعلیمی وظائف، نشوونما، اور مستحق خواتین میں باعزت و شفاف طریقے سے مالی معاونت کی تقسیم جیسے اقدامات جاری ہیں۔ فریال تالپور نے سینیٹر روبینہ خالد کی کاوشوں کو سراہا اور خواتین سمیت معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح کے لیے بی آئی ایس پی کے کردار کی تعریف کی۔