وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کاٹیلی فون ، پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، شہباز شریف

جمعرات 26 جون 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گاجبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فون کیا۔

اپنی پر خلوص اور خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی باہمت اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا جس کی وجہ سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔ انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکہ کے کلیدی کردار پرامریکی وزیرخارجہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد شہباز شریف اورامریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خاص طور پر تجارت بڑھانےکے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کوششوں کو سراہتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔