لله* حکومت ایک متحرک، کاروبار دوست ماحول کی تعمیر کیلئے پوری طرح پرعزم ہے جس میں MSMEs ترقی کر سکیں‘وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ 27 جون 2025 02:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ایک متحرک، کاروبار دوست ماحول کی تعمیر کے لیے پوری طرح پرعزم ہے جس میں MSMEs ترقی کر سکیں اور پاکستان کی پائیدار ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال، 27 جون مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (MSMEs) کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی اور ترقی کو آگے بڑھانے میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کیا جا سکے۔

اس سال کا تھیم، ’’پائیدار ترقی اور اختراع کے محرک کے طور پر مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں MSMEsکے کردار کو بڑھانا،‘‘ بجا طور پر اس بات پر زور دیتا ہے کہ جہاں معاشی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ ضروری ہے، وہیں MSMEsکے تعاون کو مضبوط کرنے اور اس میں اضافہ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

یہ ادارے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ معاشی ترقی کے فوائد معاشرے کے تمام طبقات میں وسیع پیمانے پر تقسیم ہو سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری افراد کو مالیات تک آسان رسائی، جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے، اور مضبوط مارکیٹ روابط کے لیے مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہماری حکومت کاروباری افراد کو معیشت کے وسیع تر مینوفیکچرنگ اور پیداواری لائحہ عمل میں ضم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اس جذبے کے تحت، سمال اینڈ میڈیم اینٹرپراز ڈویلپمنٹ اتھارٹی SMEDA نے سمال اینڈ میڈیم اینٹرپرائز ڈویلپمنٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کی رہنمائی میں ایک تین سالہ کاروباری منصوبہ تیار کیا ہے جس میں SMEs کی فنانس تک رسائی کو بڑھانے، برآمدات میں ان کا حصہ بڑھانے، اور نئے صنعتی مواقع پیدا کرنے، خاص طور پر موسمیاتی لچک، ذیلی کنٹریکٹنگ، اور خواتین کی انٹرپرینیورشپ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

ادارہ جاتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے، SMEDA کی تنظیم نو کی جا رہی ہی؛۔ملک بھر میں اختراعی اور پائیدار MSME منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے پانچ سالوں میں 30 بلین روپے کے ترقیاتی فنڈ کا قیام اس سمت میں ایک اہم سنگ میل ہے۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ میں کاروباری اور سرمایہ کار برادری کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت ایک متحرک، کاروبار دوست ماحول کی تعمیر کے لیے پوری طرح پرعزم ہے جس میں MSMEs ترقی کر سکیں اور پاکستان کی پائیدار ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔